پاکستانی عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری، فیس اب آسان اقساط میں لینے پر غور

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی وزارت مذہبی امور اگلے سال کے حج کے لیے جلد درخواستیں طلب کرنے کے ساتھ ساتھ حاجیوں کے واجبات کی قسطوں میں ادائیگی پر غور کر رہی ہے، یہ بیان نگراں مذہبی امور کے وزیر انیق احمد کو ہفتہ کے روز دی گئی بریفینگ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں حکام نے رواں سال کے حج انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق نگراں وزیر مذہبی امور نے سخت موسم کے باوجود حج کے دوران مثالی انتظامات پر سعودی عرب کی تعریف کی اور کہا کہ حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات مزید بہتر ہوں گے۔

’حکام ایک طویل المدتی حج پالیسی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہاکہ حج 2024 کے لیے جلد درخواستیں طلب کرنے کے ساتھ ساتھ عازمین کے لیے قسطوں میں واجبات جمع کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

سعودی عرب نے اس سال پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا قبل از کورونا وبا حج کوٹہ بحال کیا اور جنوری میں عمر کی بالائی حد 65 کو ختم کر دیا۔

اس سال 81 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین نے سرکاری اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کی جبکہ باقیوں کو پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے سہولت فراہم کی۔

پاکستان کو اگلے سال کے حج کے لیے اپنا کوٹہ مل چکا ہے جبکہ جنوبی ایشیائی ملک اس وقت زمینی اور سمندری راستے سے سستے سفر کی تلاش میں ہیں۔

اس حوالے سے سبکدوش ہونے والے مذہبی امور کے وزیر طلحہ محمود نے جولائی میں دیے گئے ایک بیان میں کہا تھاکہ خوش قسمتی سے، ہمیں اگلے سال کے لیے اپنا کوٹہ پہلے سے ہی معلوم ہے، جس سے ہمیں جدید تیاریوں اور زیادہ کفایت شعاری والے سفری آپشنز، جیسے جہاز یا سڑک کے ذریعے سفر کرنے کے طریقوں کو اپنانا ہوگا، جو عازمین کے لیے حج کو مزید سستا بنائیں گے۔

واضح رہے کہ حج اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے اور تمام مسلمانوں کو اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار اسباب کے ساتھ ادا کرنا چاہیے۔ حج مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف چار دنوں میں مکمل ہونے والی رسومات کا ایک سلسلہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp