بٹ کوائن کے حصص میں گراؤٹ کا الزام ایلون مسک پر کیوں؟

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دُنیا میں مقبول ترین کرپٹو کرنسی’بٹ کوائن‘ عالمی منڈی میں جمعہ کو 2 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں اچانک تھرتھری مچ گئی۔

2 روز قبل جمعرات کو بٹ کوائن میں 7.2 فیصد کی گراوٹ آئی جو نومبر 2022 کے بعد سے ایک دن کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔

اس کے بعد جمعہ کو ایشیائی کاروباری اوقات کے دوران بٹ کوائن کی مالیت 2 ماہ کی کم ترین سطح 26,172 ڈالرپرآ گئی، جو 16 جون کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 35 منٹ تک بٹ کوائن جزوی طور پر بحال ہو کر 26,441 ڈالر پر پہنچ گیا تھا، جو اس دن 0.8 فیصد کم تھا۔

بٹ کوائن کی عالمی منڈیوں میں فروخت جاری ہے جب کہ وال اسٹریٹ کے مرکزی انڈیکس کے مطابق بٹ کوائن جمعرات کو مندی کے ساتھ بند ہوا جب کہ چین کی معیشت کے بارے میں خدشات اور امریکی شرح سود طویل عرصے تک بلند رہنے کے خدشات کی وجہ سے ایشیائی حصص تیسرے ہفتے میں بھی نقصان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

دوسری سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایتھر 1,685.20 ڈالر پر مستحکم رہی ، جس میں جمعرات کو بھی تیزی سے کمی واقع ہوئی۔

کچھ تجزیہ کاروں نے کریپٹو کی کمی کی وجہ وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کو قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایلون مسک کی اسپیس ایکس کمپنی نے اپنی بٹ کوائن ہولڈنگز فروخت کر دی ہیں۔ ایلون مسک کو کرپٹو کرنسی کے شوقین افراد میں سب سے اہم سمجھا جاتا ہے۔ بٹ کوائن کی قیمتیں اس سے پہلے بھی ان کی چند ٹویٹس کے باعث بڑھ گئی تھیں۔

ای ٹورو کے گلوبل مارکیٹ اسٹریٹجسٹ بین لیڈلر نے کہا کہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس سے متعلق رپورٹ بٹ کوائن کی قیمتوں میں فوری کمی کا اصل محرک بنی۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بٹ کوائن 30,000 ڈالر کے قریب پہنچ گیا تھا، جب 2022 میں دیگر کرپٹو کمپنیوں کے حصص میں تیزی سے گراؤٹ آ گئی تھی جس سے سرمایہ کاروں کو بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جون میں بلیک راک نے امریکا میں اسپاٹ بٹ کوائن ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ (ای ٹی ایف) شروع کرنے کے لیے درخواست دے کر کرپٹو مارکیٹوں کو فروغ دینے کی کوشش کی تھی۔

کچھ سرمایہ کاروں نے اس اقدام کواس بات کے اشارے کے طور پر بیان کیا کہ امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن گرے اسکیل سمیت مختلف اثاثوں کے مینیجرز سے اسپاٹ بٹ کوائن ای ٹی ایف ایپلی کیشنز کی منظوری دے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp