صدر مملکت کا ٹوئٹ: پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے فوری رجوع کرنے کا فیصلہ

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے صدرِمملکت کے آفیشل سیکرٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدوں پر دستخطوں کے معاملہ پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اآئین و قانون، شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوریتِ و پارلیمان کی بقا و سلامتی کے لیے خوف و خدشات سے ہٹ کر مؤقف اختیار کرنے پر صدرِمملکت کے شکر گزار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت کے مؤقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان  کرتی ہے۔ اہم ترین قانونی مسوّدہ جات کی توثیق کے عمل پر صدرِمملکت کا مؤقف ہرلحاظ سے غیرمعمولی اور سنجیدہ ترین اقدامات کا متقاضی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدرِمملکت نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے ریاستی و حکومتی ڈھانچے میں گہرائی تک سرایت کیے گئے مرض کی نشاندہی کی ہے۔ پچھلے 16 ماہ کے دوران پاکستان میں آئین سے انحراف، قانون کی پامالی، جمہوریت سے فرار اور ریاست کو شخصیات کے تابع کرنے کی رسومِ بَد کو تقویت پہنچائی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ  پارلیمان اور الیکشن کمیشن سمیت پوری ریاستی مشینری کو آئین کی تابعداری سے ہٹا کر غیرمرئی قوتوں کے اشاروں پر چلا دیا گیا۔

آئین کے اہم ترین حصوں پر عملدرآمد کو یکسر منسوخ کرکے ملک کو جنگل کے قانون کی گرفت میں دیکر میڈیا و عدالتوں کو نادیدہ قوتوں کے شکنجے میں جکڑ لیا گیا۔

پی ٹی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب و پختونخوا میں غیرقانونی نگران حکومتوں کی موجودگی اور دونوں صوبوں کے 17 کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیے جانے میں بھی یہی سوچ کارفرما ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ایک متنازع عدالتی فیصلے کے ذریعے تیز ترین گرفتاری اور جماعت کو کچلنے کے لیے ہزاروں قائدین و کارکنان کےخلاف ننگی فسطائیت اسی سلسلۂ ناتمام کا حصہ ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’مجرموں کو این آر او 2 کے ذریعے دی جانے والی عام معافی اور نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے نظامِ احتساب کی تباہی کے پیچھے بھی انہی ہاتھوں کے نشان ہیں۔

 بیان کے مطابق صدرِمملکت وفاق کی علامت، پارلیمان کا حصہ اور افواجِ پاکستان کے سپریم کمانڈر ہیں۔ صدرِمملکت کے فیصلوں کو ان کی منشا  و مرضی کے بغیر غیرمؤثر بنانے یا سازش و خفیہ تدبیروں کے ذریعے ان پر عملدرآمد روکنا ہر لحاظ سے شرمناک، غیرآئینی اور ناقابلِ قبول ہے۔

بیان کے مطابق معاملے کو سپریم کورٹ کے سامنے رکھیں گے اور چیف جسٹس سے اس کی ہر پہلو سے تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کے تعیّن اور محاسبے کی استدعا کریں گے۔

امریکہ میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے (سائفر) کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کے مطالبے کا بھی پرزور اعادہ کرتے ہیں۔

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پوری قوم اور پاکستان تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت و حقوق کے تحفظ اور ریاستی و حکومتی نظم کو آلائشوں سے پاک کرنے کے لیے صدرِ مملکت کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp