کرغزستان کی پاکستانی تاجروں کو دورے کی دعوت، تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، زومدیل ایجمبردیف

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرغزستان کے تجارتی وفد کے سربراہ زومدیل ایجمبردیف نے دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی روابط کو بڑھانے کے لیے پاکستانی تاجروں کو کرغزستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔

زومدیل ایجمبردیف نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو کرغزستان کے دورے کی دعوت دینے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور خاص طور پر فوڈ انڈسٹری میں مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔

پاکستان کے دورے کے آخری مرحلے میں اتوار کو پاکستانی تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے زومدیل ایجمبردیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اپنی صلاحیت اور مہارتوں کو یکجا کر کے باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری قائم کر سکتے ہیں جو دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہو گی۔

انہوں نے پاکستانی تاجروں کو دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے آپ کو کرغزستان کے کاروباری منظرنامے کے بارے میں بھر پور آگاہی فراہم کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان میں کرغزستان ٹریڈ ہاؤس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں تبادلہ خیال اور ملاقاتوں کے بعد مشترکہ منصوبوں اور شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شورو کمپنی کےسربراہ اور ہماری ٹیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پاکستانی تجارتی وفد کا دورہ کرغزستان نتیجہ خیز اور یادگار ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ہم مل کر مشترکہ منصوبوں کی بنیاد رکھیں جو ہماری خوشحالی اور معیشتوں کی ترقی کی بنیاد بنیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp