’یہ تصویر نہیں، عمران خان کے غلط فیصلے کا ثبوت ہے‘

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کی ایک تصویر پیر کو سوشل میڈیا پر آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہر قابل ذکر ٹائم لائن پر نمایاں ہو گئی۔

مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت مشکلات کا شکار ہوئی اور پنجاب سے چوہدری سرور گورنر شپ سے الگ ہوئے تو عمران خان نے صوبہ عمر سرفراز چیمہ کے حوالے کیا۔

تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے قبل پارٹی کے نمایاں رہنماؤں میں شامل عمر سرفراز چیمہ اپنی جماعت کے حکومت میں آنے کے بعد مرکز اور صوبے دونوں میں پس منظر میں رہے تھے۔

پیر کو عمر سرفراز چیمہ کی تصویر شیئر کرنے والوں نے جہاں ’عمران خان سے ان کی وفاداری کی تعریف کی‘ وہیں بہت سے ہینڈلز ایسے افراد کو نظرا نداز کرنا سابق وزیراعظم کی غلط حکمت عملی قرار دیتے رہے۔

’یہ تصویر نہیں، عمران خان کے غلط فیصلے کا ثبوت ہے،‘ کا تبصرہ ہوا تو ’ٓارب پتیوں اور وفاداریاں بدلنے والوں کی خاطر سائیڈلائن کیے گئے عمر سرفراز چیمہ‘ کا کیپشن بھی سجایا گیا۔

عدالت میں پیشی کے دوران بنائی گئی تصویر میں عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو دکھاتے ہوئے لکھا گیا کہ ’ہم نے بےانتہا وفا کر کے، بےوفاؤں سے انتقام لیا۔

’ڈھونڈ اجڑے ہوئے لوگوں میں وفا کے موتی‘ تجویز ہوئے تو ’ایڈی اوکھی راہ وچ رول دیتا اے‘ کا شکوہ بھی ہوا۔

پاکستانی صحافی بشیر چوہدری نے ماضی وحال کا تقابل کرتے ہوئے اسے عمران خان کی غلط مردم شناسی قرار دیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’چار سال عمران خان نے عمر چیمہ کو کھڈے لائن لگائے رکھا۔ چاپلوسوں کو اقتدار کے ہر عہدے کا مزہ لوٹنے کا موقع دیا۔ مشکل پڑی تو اچانک انھیں گورنر بنا دیا۔ عمر سرفراز چیمہ نے سیاسی کارکنان کا سرفخر سے بلند کردیا۔ ساتھ ہی عمران خان کی مردم شناسی کو بھی چپیڑیں لگا دی ہیں۔ ۔‘

خاتون صحافی مریم نواز خان نے اظہار کے لیے مصرعہ چنا تو مشوہ دیا کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو۔‘

سر پر ٹوپی اور چہرے پر ڈاڑھی سجائے پی ٹی آئی رہنما کی تصویر شیئر کرنے والوں نے لکھا ’یہ وہ عمر چیمہ ہیں جو عمران خان کی حکومت بننے کے بعد سائیڈ لائن کردیے گئے تھے اور جب عمران خان پر مشکل وقت آیا تو ایک وفا کا استعارہ بن گئے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp