ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان: صرف 9 منٹ میں ٹیم تبدیل کیوں ہوگئی؟

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں کے ایل  راہول اور شریاس ائیر کو بالترتیب ران اور کمر کی چوٹ سے بروقت صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پیر کو دہلی میں بھارت کے قومی سلیکٹرز کے چیئرمین اجیت اگارکر کی جانب سے اعلان کردہ 17 رکنی ایشیا کپ اسکواڈ میں بائیں ہاتھ کے بلے باز اور پارٹ ٹائم اسپنر تلک ورما بھی شامل ہیں، جنہوں نے ابھی تک اپنا ون ڈے ڈیبیو بھی نہیں کیا ہے۔

پیٹھ کی سرجری سے صحتیاب ہونے کے بعد آئرلینڈ میں جاری ٹی20 سیریز کے دوران بین الاقوامی سطح پر ٹیم میں جگہ بنانے والے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور پراسدھ کرشنا کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے پورے دورے میں آرام کے بعد محمد شامی بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، جہاں محمد سراج اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور شاردول ٹھاکر بھارتی پیس اٹیک کو مکمل کریں گے۔

رسٹ اسپنر کلدیپ یادیو کے ساتھ ساتھ فنگر اسپنرز آل راؤنڈر روندرا جڈیجا اور اکشر پٹیل کو ترجیح دیتے ہوئے تجربہ کار لیگ اسپنر یوزویندرا چہل کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ بھارتی ون ڈے اسکواڈ میں کوئی آف اسپنر شامل نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری طرف سنجو سیمسن متبادل کھلاڑی ہوں گے۔

ٹیم کے انتخاب کے وقت مضحکہ خیز صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ابتدائی طور پر اعلان کردہ ٹیم میں اوپنر شبمن گِل کو شامل نہیں کیا تھا مگر کچھ ٹھیک 9 منٹ بعد ٹیم میں اچانک تبدیل ہوئی اور گِل ٹیم کا حصہ بن گئے۔ اس صورتحال پر سوشل میڈیا پر کافی بحث بھی ہورہی ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما کے مطابق ٹیم کے انتخاب کے موقع پر اشون اور واشنگٹن سندر کو لیتے ہوئے ایک آف اسپنر کے بارے میں بھی سوچا لیکن چاہل کو باہر ہونا پڑا کیونکہ فی الحال صرف 17 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا تھا۔

’ہماری ترجیح سیمرز تھے کیونکہ اگلے 2 مہینوں میں سیمرز بڑا کردار ادا کرنے والے ہیں۔ ان میں سے چند ایک طویل عرصے کے بعد واپس آ رہے ہیں، لہذا ہم ان کو اچھی طرح دیکھنا چاہتے تھے، انہیں اندر لانا چاہتے تھے اور دیکھنا چاہتے تھے کہ وہ کیسا کھیل پیش کرتے ہیں۔‘

یہ سب کچھ کہنے کے باوجود، روہت شرما کے مطابق کسی پر کوئی دروازہ بند نہیں ہوا ہے۔ ’کوئی بھی کسی بھی وقت ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اگر ہمیں لگتا ہے کہ ہمیں ورلڈ کپ کے لیے چہل کی ضرورت ہے تو ہم دیکھیں گے کہ ہم اسے کیسے ٹیم میں شامل کرسکتے ہیں، یہی بات واشی یا اشون کے لیے بھی کہوں گا۔‘

پریس کانفرنس کے دوران سیلیکٹرز کے چیئرمین اجیت اگارکر نے بتایا کہ ان 18 لڑکوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور آئندہ ورلڈ کپ اسکواڈ بھی تقریباً انہی لڑکوں میں سے منتخب کیا جائے گا۔ کچھ اہم کھلاڑی چوٹ سے سنبھلنے کے بعد واپس آرہے ہیں، امید ہے کہ ان کی شمولیت سودمند ثابت ہوگی۔

راہول اور شریاس نے بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے عمل میں کئی ہفتے گزارے تھے اور ان کے انتخاب کے دنوں میں میچ سیمولیشن مشقوں میں حصہ لیا تھا۔ راہول نے آئی پی ایل 2023 کے دوران زخمی ہونے کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی ہے، جبکہ شریاس مارچ میں آسٹریلیا کے ہندوستان کے دورے کے بعد سے ایکشن میں نہیں ہیں۔

تلک کی شمولیت کے علاوہ، بیٹنگ یونٹ میں کوئی حیرت انگیز تبدلی نہیں کی گئی ہے۔کپتان روہت شرما کے مطابق ٹیم انتظامیہ بیٹنگ آرڈر کے ساتھ لچکدار ہونا چاہتی ہے۔ ’میں اس ٹیم میں ایک چیز یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ ہر کوئی کہیں بھی بلے بازی کرنے کے لیے ٹھیک ہے۔‘

ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے ملتان میں پاکستان اور نیپال کے مابین میچ سے ہوگا۔ بھارت کا گروپ اے کا پہلا میچ 2 ستمبر کو پالے کیلے میں پاکستان کے خلاف ہے، جس کے بعد وہ 4 ستمبر کو پالے کیلے میں نیپال سے کھیلے گا۔

گروپ بی میں بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا شامل ہیں اور ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں گی۔ سپر فور میں نمبر 1 اور 2 پر آنے والی ٹیمیں 17 ستمبر کو کولمبو میں کھیلے جانیوالے فائنل میں مد مقابل ہوں گی۔

ایشیا کپ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شوبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، راویندرا جڈیجا، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج، محمد شامی، ایشان کشن، شاردول ٹھاکر، پراسدھ کرشنا، تلک ورما، سوریا کمار یادیو، اور اکسر پٹیل۔

ایشان کشن کو سنجو سیمسن کی جگہ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، سیمسن تاہم بیک اپ کھلاڑی کے طور پر سری لنکا جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp