خیبرپختونخوا: ذہن سازی کرنے والے مسجد امام سمیت 2 دہشتگرد گرفتار، سی ٹی ڈی

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے بچوں کی ذہن سازی کرنے والے مسجد امام سمیت 2 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے جو 2016 سے صوبے میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

اے آئی جی سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا شوکت عباس نے پشاور میں میڈیا کو بتایا کہ دونوں دہشتگردوں کو صوابی میں ایک اہم کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں نے رمضان میں صوابی پولیس گاڑی کو گشت کے دوران نشانہ بنایا تھا۔ جس  میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔

ایڈینشل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے مزید بتایا کہ پولیس پر حملے کے بعد تحقیقات کے دوران واقعے میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سیف اللہ گروپ کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

شوکت عباس نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے مکمل جیو فیسنگ کرکے تحقیقات کیں جس سے دہشتگردوں کے بارے میں معلومات سامنے آئی ہیں، پولیس نے شواہد کی بنیاد پر چھاپہ مار کر امام مسجد اور ساتھی کو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل آئی جی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تظیم ٹی ٹی پی سیف اللہ گروپ سے ہے۔

انہوں نے بتایاکہ دہشت گرد گروہ 2016 سے صوبے میں سرگرم ہے اور مختلف واقعات میں ملوث تھا۔ مسجد امام کی شناخت عطااللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کافی عرصے سے مقامی مسجد امام  کے فرائض سرانجام دیتا تھا۔

شوکت عباس کے مطابق گرفتار دہشتگرد عطا اللہ مسجد میں بچوں کی ذہن سازی کرتا تھا، اسلام اور جہاد کے نام پر دہشتگردی کی طرف راغب کرتا تھا۔

شوکت عباس نے بتایا کہ باجوڑ میں 2 واقعات ہوئے، ایک جلسے میں خود کش دوسرا ایف سی کی گاڑی پر حملہ ہوا تھا۔ دونوں کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ایف اسی گاڑی حملے میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ باجوڑ ایف سی گاڑی حملے میں ملوث حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے اور جلد گرفتاری بھی متوقع ہے۔ باجوڑ جلسے میں دھماکے کے تانے بانے بھی افغانستان سے ملے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ملوث حملہ آور افغانی تھا، مزید تحقیقات کر رہے ہیں جلد معاملے کی طے تک پہنچ جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp