پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم افغانستان کے خلاف بہترین کھیل پیش کرے گی۔
ذکا اشرف نے سری لنکا میں ہمبنٹوٹا میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ملاقات کے بعد کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کی قیادت میں ہماری قومی ٹیم بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلاس باؤلراور بیٹرز کے ساتھ کپتان بابراعظم کے پاس بڑی باصلاحیت ٹیم ہے،جو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ دونوں جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ذکا اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم ٹرافی نہ جیتیں۔ پاکستان اور دنیا بھر کے سابق کرکٹرز پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جس فارم میں اس وقت پاکستان ٹیم ہے وہ کسی کو بھی ہرا سکتی ہے، سابق کرکٹرز کے خیال میں پاکستان ایشیا کپ کی سب سے فیورٹ ٹیم ہے، ہمارے کھلاڑیوں میں کوئی کمی نہیں ہے سب با صلاحیت ہیں۔
ذکا اشرف نے مزید کہا کہ ہم ورلڈ کپ جیت چکے ہیں 2 بارایشیا کپ بھی جیتا ہوا ہے، ہمیں اس وقت ایسی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی کہ ہم دوبارہ نہیں جیت سکتے۔
چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں پوری قوم کی دعائیں اور نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ کھلاڑیوں کی محنت اور لگن سے پاکستان ایشیا کپ جیتے گا، یقین ہے کہ ہماری ٹیم اپنی پوری صلاحیتوں اور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی اور ورلڈ کپ ٹرافی کو واپس وطن لائے گی۔