زیرتعمیر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت

منگل 22 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی مردان ڈومکی نے کہاکہ کوئٹہ ترقیاتی پیکیج پر کام کی رفتار اور پیشرفت کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یہ تاثر دور کیا جائے کہ کوئٹہ پیکیج رحمت کے بجائے زحمت بن گیا ہے۔

علی مردان ڈومکی نے کہاکہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج شہر میں مواصلاتی رابطوں کو مربوط اور مضبوط کرنے سمیت شہر کی خوبصورتی سے متعلق ایک اہم منصوبہ ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت زیر تعمیر سبزل روڈ، سریاب روڈ، لنک بادینی روڈ، ریڈیو ٹاور اور مغربی بائی پاس کا معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، پراجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ پیکیج کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ اور ممبر نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں شامل پلوں کی جلد اور بروقت تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں کی تعمیر میں حائل کیسکو کے ٹاورز کو متبادل جگہ پر لگانے کے لیے متعلقہ حکام سے بات چیت کی جائے۔

علی مردان ڈومکی کا کہنا تھا کہ زیر تعمیر منصوبوں کا ہر 10 دن بعد خود معائنہ کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ اہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر شہریوں کو ریلیف دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp