پرویز الہی کے وزیر اعلی بنتے ہی مونس الہی کے اثاثوں میں کتنا اضافہ ہوا؟

بدھ 23 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیب کی انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم رہنما تحریک انصاف مونس الہی نے اپنے والد پرویز الہی کے وزیر اعلی پنجاب کے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے گجرات میں پسندیدہ کنٹریکٹرز کو ٹھیکے دلوا کر رشوت وصول کی۔

رہنما تحریک انصاف پرویز الہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی کے خلاف سرکاری ٹھیکوں کے عوض رشوت اور گھپلوں سے متعلق کیس میں نیب انکوائری رپورٹ کے مطابق مونس الہی کرپشن اورمنی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پرویز الہی کے وزیر اعلی بنتے ہی مونس الہی کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔ مونس الہی نے اپنے فرنٹ مین عظمت حیات اور سہیل اصغر کے ذریعے ٹھیکوں کی مد میں غیرقانونی وصولیاں کی ہیں۔

نیب دستاویزات کے مطابق مونس الٰہی نے جولائی 2022 سے اپنے بینک اکاؤنٹس میں ملکی و غیر ملکی بھاری رقم جمع کرائی۔ مونس الہی نے جولائی 2022 کے بعد 72 ملین روپے سے 384 کنال سے زائد اراضی خریدی۔ خریدی گئی اراضی بظاہر رشوت کی رقم سے بنائی گئی ہے۔

نیب رپورٹ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ مونس الہی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز اور منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں ۔مونس الہی نے اپنے والد کے وزیر اعلٰی کے عہدے کا غلط استعمال کیا اور گجرات میں پسندیدہ کنٹریکٹرز کو ٹھیکے دلوا کر رشوت وصول کی۔

واضح رہے کہ سرکاری ٹھیکوں میں رشوت اور گھپلوں سے متعلق کیس میں سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی نیب کی حراست میں جبکہ ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر مونس الہی بیرون ملک مقیم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp