پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں آئین کے مطابق 90 روز کے اندر عام انتخابات کرائے جائیں، صدرِمملکت کی بذریعہ خط چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت کی دعوت کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر پر آئین کی حدود سے تجاوز کی روش ترک کرنے اور انتخابات کے 90 روز کی دستوری مدت میں انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کرنے کے لیے زور دیا گیا ہے۔
اجلاس نے اٹک جیل میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اور کہا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں بنیادی سہولیات کی بدستور عدم دستیابی ظلم اور سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔
مزید پڑھیں
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر سپریم کورٹ میں آج کی سماعت اور عدالتِ عظمیٰ کی آبزرویشنز کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔
کور کمیٹی نے مریم نواز کی سرکردگی میں چیف جسٹس آف پاکستان سمیت ساتھی ججز کے خلاف شرانگیز پروپیگنڈا مہم، دھونس اور غنڈہ گردی کے ذریعے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کو شرمناک قرار دیا ہے۔
اجلاس میں بدترین معاشی تباہی اور اس سے نہایت تیزی سے پھیلتی غربت کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا، بجلی، گیس اور خوراک سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ پر عوام کی تیزی سے ختم ہوتی دسترس پر حکومتی بے عملی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔
کور کمیٹی کی جانب سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپّی کے اغوا کی بھی شدید مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان میں حقیقی آزادی اور اصلی جمہوریت کے حصول کے ہدف سے کسی صورت پسپائی اختیار نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
حقیقی جمہوریت کے لیے تحریک کو جاری رکھنے پر اتفاق
تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بلند پایہ، باہمّت اور اولوالعزم قیادت میں حقیقی آزادی اور اصلی جمہوریت کی تحریک آگے بڑھانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں ریاست کے بدترین جبر اور وحشت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہونے اور قید و بند، انتقام و تضحیک اور ظلم و تشدد کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے پر خصوصاً دلیر خواتین کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کور کمیٹی نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بلند حوصلوں کو توڑنے کے لیے جیل میں ظلم و ستم کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے۔ اللہ کی مدد اور نصرت سے چیئرمین تحریک انصاف کے حوصلے نہایت بلند ہیں اور وہ حقیقی آزادی و اصلی جمہوریت کے ہدف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہیں۔
اجلاس نے کہاکہ ظلم و بربریت کی تاریک رات جلد ختم ہونے کو ہے، پاکستان عمران خان کی قیادت میں اپنی اصل راہ پر گامزن ہوگا، مکمل اتحاد، یگانگت اور یکسوئی سے عمران خان کی قیادت میں اپنی تحریک کو آگے بڑھائیں گے اور ملک کو قائد و اقبال کے پاکستان کی صورت میں ڈھالیں گے۔