آپ نے آج تک جتنے بھی زرافے دیکھے ہوں گے وہ ایک غیر معمولی لمبی گردن رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے جسم پر مخصوص داغ بھی سجائے ہوئے نظر آئے ہوں گے اور ’کچھ داغ تو اچھے ہوتے ہیں‘ کے مصداق وہ خاصے خوشمنا بھی لگتے ہیں لیکن آج ہم جس زرافے کی بات کر رہے ہیں وہ بلاشبہ دنیا میں اپنی نوعیت کا واحد زرافہ ہی ہوگا اور یقیناً آپ بھی اس بات سے اتفاق کریں گے۔
معاملہ کچھ یوں ہے کہ امریکی ریاست ٹینیسی کے ایک چڑیا گھر میں ایک ایسے زرافے کی پیدائش ہوئی ہے جو دیکھنے میں اپنی پوری نسل سے مختلف نظر آتا ہے کیوں کہ اس ننھی مادہ زرافہ کی گردن تو اپنے اجداد کی طرح ہی لمبی اور شاندار ہے لیکن اس کی جلد پر وہ مخصوص داغ یا دھبے جو ایک زرافے کی شان ہوتے ہیں ندارد ہیں۔
اس حواسے سے برائٹس زو نامی چڑیا گھر کی انتظامیہ کا بھی بڑے فخر سے کہنا ہے کہ ان کے ہاں پیدا ہونے والا یہ زرافہ دنیا کا وہ واحد زرافہ ہے جو بے داغ ہے۔
چڑیا گھر کے منتظمین نے بتایا کہ اس مادہ زرافے کی پیدائش 31 جولائی کو ہوئی تھی اور چڑیا گھر والوں کو دیکھتے ہی پتا چلا گیا کہ یہ بچہ زرا ہٹ کر ہی ہے اور زرافوں کے لحاظ سے اس کی رنگت بالکل الگ ہے۔
تاہم برائٹس زو کے ڈائریکٹر ڈیوڈ برائٹ نے بتایا کہ اس قسم کا ’باغی‘ قسم کا زرافہ ماضی میں بھی گزرا ہے جو سنہ 1972 میں ٹوکیو کے یوینو چڑیا گھر میں پیدا ہوا تھا۔ توشیکو نامی اس زرافے کی جلد پر بھی اپنی نسل کے برخلاف سیاہ دھبے نہیں تھے۔
ابھی اس زرافے کا نام رکھنا باقی ہے۔ اس کے لیے 4 ناموں پر غور جاری ہے جن میں یپکی، فریالی، شکیری اور جمیلہ شامل ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ممکنہ ناموں میں سے کسی ایک پر اپنا ووٹ دے دیں۔ ہم تو اس مختلف لیکن صراحی دار گردن والی خوبصورت زرافہ کو جمیلہ ہی کہہ کر بلائیں گے، آپ اسے کیا نام دیں گے؟