چینی کمپنی نے نوکری کے حصول کے لیے آنے والے امیدواروں پر انوکھا تجربہ کیا۔ ماسک پہن کر انٹرویو لیا گیا اور انٹرویو دینے والوں کو بھی ماسک فراہم کیے گئے تاکہ ظاہری شکل کے بجائے صرف قابلیت کو اہمیت دی جا سکے۔
ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ نیا تجربہ سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے۔ لوگوں نے اس پر مِلے جُلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک جانب اسے سراہا جا رہا ہے تو دوسری طرف کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ کام محض کمپنی کی مشہوری کے لیے کیا گیا ہے۔
انٹرویوز کی ویڈیو تین فروری کو چینی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھی۔ انٹرویو کے لیے آنے والے خواتین و حضرات ماسک پہنے ہوئے ہیں اور کمپنی کے مالک نے بھی ماسک پہنا ہوا۔ویڈیو زینگ نامی خاتون کی جانب سے بنائی گئی ہے جو انٹرویو کے دوران موجود تھیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ نوکری کے لیے قابلیت دیکھ کر شکل و صورت کا امتیاز ختم کرنا چاہتے ہیں اور چہرہ چھپانے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ ملازم کسی قسم کا دباو محسوس نہ کریں ۔