3 روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں افغاستان نے بیٹنگ کے لیے سازگار پچ کو مدِنظر رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
افغانستان کے کپتان حشمت اللہ نے کہا ہے کہ آج کے میچ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے اور پاکستان کو جیت کے لیے 260 رنز کا ہدف ذہن میں رکھیں گے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے مگر کوشش کریں گے کہ جلدی وکٹیں حاصل کرکے افغانستان کو دباؤ میں لایا جائے اور انہیں کم سے کم رنز پر روکنے کی کوشش کریں۔
پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہے جبکہ افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ رحمت شاہ اور زخمی ہونے والے عظمت اللہ عمر زئی کی جگہ ریاض حسن اور شاہد کمال کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے افغانستان کے خلاف پہلا ون ڈے 142 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 201 رنز بنائے تھے لیکن جواب میں پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں افغانستان کی پوری ٹیم 59 رنز ڈھیر ہوگئی۔ حارث رؤف نے صرف 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔