ایف نائن پارک زیادتی کیس : اسلام آباد پولیس کا ملزمان کو ہلاک کرنےکا دعویٰ

جمعرات 16 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خاتون سے زیادتی کرنے والے دو ملزمان ایک مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں۔

جمعرات کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکٹر ڈی 12 میں پولیس  ناکے پر دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ پھر پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دونوں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

اسلام آباد پولیس کے دوسرے بیان میں کہا گیا ہلاک شدگان کی شناخت ہو گئی ہے۔ دونوں ملزمان ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے وقوعہ میں بھی ملوث تھے۔

پولیس کے مطابق ناکے پر ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان سٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل میں اشتہاری بھی تھا۔

یاد رہے بدھ کی رات پولیس نے زیادتی کیس میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی تھی۔کہا گیا تھا ملزمان کا سراغ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے لگا لیا گیا ہے۔

فوٹیج میں ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہیں اور ایف نائن پارک کے گیٹ سے گزرتے نظر آتے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے وقت مسلح تھے۔ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف نائن پارک واقعہ

دو فروری کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا تھا ۔تھانہ مارگلہ پولیس نے بتایا تھا متاثرہ لڑکی اپنے دوست کے ساتھ واک کے لیے پارک گئی تھی۔

متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا تھا ’ایف نائن پارک میں دو مسلح افراد نے ان کو ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ایف آئی آر  کے مطابق زیادتی کے بعد ان کے کپڑے دُور پھینکے گئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں۔

مطابق مسلح افراد نے ان کو چیزیں واپس کیں اور کہا کہ ’کسی کو کچھ نہیں بتانا۔ اس وقت پارک نہ آیا کرو اور خود جنگل کی جانب بھاگ گئے‘۔

ایف آئی آر کے مطابق مسلح افراد نے لڑکی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور جنگل میں ان کے دوست کو بھی مارا پیٹا گیا ۔پولیس نے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پمز ہسپتال سے کروایا اور تھانہ مارگلہ میں ایف آئی آر درج کی گئی۔

وقوعہ کے بعد اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ ’وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لیے جا رہے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp