چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز سے نبرد آزما ہے، دُنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی مصائب بڑھ رہے ہیں، آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
جمعہ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے پاکستان کے دورے پر آئے 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے 38 رکنی وفد نے راولپنڈی جنرل ہیڈکوارٹر ( جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے غیر ملکی طلبا و طالبات کے ساتھ علاقائی سلامتی کے امور اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے غیر ملکی طلبا و طالبات کو بتایا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اس لیے طلبا کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کا جائزہ لیں۔
آرمی چیف نے طلبا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپورانداز سے نبرد آزما ہے ، اس لیے عالمی برادری کو پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی مصائب اور یہاں کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر طلبا کے وفد نے تعمیری اور سیر حاصل بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف شکریہ ادا کیا اور تعریف کی۔