وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل سکھر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کرنے والا گینگ گرفتار کر لیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر کرائم سرکل سکھر نے انٹیلی جینس اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جو لوگوں کو جعلی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق سائبر کرائم سرکل سکھر نے شکارپور اور سکھر میں مختلف جگہوں پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 3 افراد کے گینگ کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار مبینہ ملزمان میں فہیم قمر، افتخار علی اور عمران علی شامل ہیں، ملزمان نے شکارپور ٹریفک پولیس کے نام سے جعلی ویب سائٹس بھی بنائی ہوئی تھیں۔
ترجمان ’ایف آئی اے‘ نے بتایا کہ مبینہ ملزمان نے متعدد شہریوں کو جعلی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے۔ ملزمان اب تک 27000 سے زیادہ جعلی ڈرائیونگ لائسنس جاری کر چکے ہیں ۔
ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیے گئے ہیں، جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے جرم میں ملزمان کے خلاف پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ( پیکا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔