ڈنمارک میں قرآن نذر آتش کرنے پر پابندی کا فیصلہ، پاکستان کا خیرمقدم

ہفتہ 26 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ڈنمارک کی جانب سے قرآن پاک سمیت دیگر آسمانی کتابوں کو جلانے کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق بل تجویز کرنے کے مبینہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صحیح سمت میں ایک درست قدم قرار دیا ہے۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسین کے ساتھ بات چیت میں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ڈنمارک کی حکومت کی مجوزہ قانون سازی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ بل کے پاس ہونے سے مختلف مذہبی عقائد کے لوگوں کے مابین بین المذاہب ہم آہنگی پیدا ہوگی اور نفرت کے ماحول کا خاتمہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کو برقرار رکھا ہے کہ مقدس صحیفوں کی بے حرمتی اور نذرآتش کرنا مذہبی منافرت کا ایک سنگین عمل ہے جس کی آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

’۔۔۔جیسا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے ذریعے طے کیا گیا ہے اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے مطالبہ بھی کیا گیا ہے، ایسی اشتعال انگیز کارروائیوں کو قانونی ذرائع سے روکنا اور ممنوع بنانا چاہیے۔‘

گزشتہ چند مہینوں کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کے پے در پے واقعات نے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں کا مقصد برادریوں میں تصادم پیدا کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کو نقصان پہنچانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قومی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہبی منافرت، تارکین وطن افراد سے فرت اور اسلامو فوبیا کی ان کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ ’ہم امید کرتے ہیں کہ آج ڈنمارک کی طرف سے اٹھایا گیا قدم قرآن پاک اور دیگر آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کو روکنے کے لیے موثر قانون سازی میں انجام پائے گا۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ دوسرے ممالک بھی ڈینش حکومت کی تقلید کرتے ہوئے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے مابین نفرت انگیز کارروائیوں کو کالعدم قرار دینے کے لیے اسی نوعیت کے اقدامات کریں گے۔

نگراں وزیر خارجہ کا بھی ڈنمارک حکومت کے اقدام کا خیر مقدم

دوسری جانب نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ، ڈنمارک کی حکومت کی مجوزہ قانون سازی کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں قرآن پاک سمیت انتہائی اہمیت کے حامل مذہبی مواد کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے پر زور دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان ڈنمارک کی حکومت کی طرف سے قرآن پاک سمیت انتہائی اہمیت کے حامل مذہبی مواد کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے سے متعلق مجوزہ قانون سازی کا خیر مقدم کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp