اسلام آباد ہائیکورٹ بار چیف جسٹس عامر فاروق کے حق میں میدان میں آ گئی

اتوار 27 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کیخلاف مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آبادہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق کے خلاف چلنے والی مہم کی مذمت کرتے ہیں، وہ غیر جانبدار اور دیانت دار جج ہیں۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق اپنی اصول پسندی کی وجہ سے مشہور ہیں، ان کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اس سے قبل وزارت قانون و انصاف نے سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ملکی اداروں پر حملے سے باز رہیں۔

اتوار کو وفاقی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر ایک سیاسی جماعت کی طرف سے سوشل میڈیا کے ذریعے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتیں ملکی اداروں پر حملے سے باز رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم چلائی گئی تھی۔

تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق پر منافقت کا الزام لگایا گیا تھا۔

سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے اس معاملے پر کہا تھا کہ ججوں پر ایسے تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp