راولپنڈی پولیس نے تھانہ وارث خان کی حدود میں اکیلی خاتون کو لوٹنے اور تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے راہزنوں کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
راولپنڈی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر ) پر خاتون کی وائرل ہونے والی ویڈیو کے ساتھ ٹوئیٹ کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’راولپنڈی کےعلاقہ وارث خان میں پیش آنےوالےاس واقعہ پر سینیئر افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ خصوصی ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری طور پرملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ ان شا اللہ جلد ملزمان کوگرفتارکرکےقرار واقعی سزادلوائی جائےگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر معروف اینکر پرسن حامد میر نے بھی واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پولیس کو لکھا کہ ’ آئی جی پنجاب صاحب! آپ کہاں ہیں؟ راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں ایک اکیلی خاتون سے اسلحہ دکھا کر نقدی اور زیورات چھیننے والوں کو کب گرفتار کیا جائے گا؟
راولپنڈی کےعلاقہ وارث خان میں پیش آنےوالےاس واقعہ پر سینئر افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری طور پرملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے،انشاءاللہ جلد ملزمان کوگرفتارکرکےقرار واقعی سزادلوائی جائےگی۔ https://t.co/JFUqPyoIOm
— RPO Rawalpindi (@Rporwp) August 28, 2023
واضح رہے کہ پیر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں راولپنڈی میں تھانہ وارث خان کے علاقے محلہ حکمداد میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو خاتون سے پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہو تے ہوئے دکھائے گئے ۔ خاتون کے مطابق پرس میں نقدی، موبائل فون موجود تھا، جب کہ راہزن خاتون کے ہاتھوں سے طلائی انگوٹھیاں بھی اتار کر بھاگ گئے۔
ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران خاتون کو زد و کوب اور ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ تشدد کا نشانہ بھی بنایا، فرار ہونے سے قبل ڈاکوؤں نے خاتون کو گلی میں گرا دیا اور موٹر سائیکل پر اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔