ایشیا کرکٹ کپ 2023: ٹورنامنٹ کے لوگو کے نیچے پاکستان کا نام کیوں نہیں؟

منگل 29 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ 30 اگست سے شروع ہورہا ہے اور اس بار ٹورنامنٹ کی  میزبانی پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔

ٹورنامنٹ سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ صارفین جہاں پاک بھارت میچ کے لیے پرجوش ہیں وہیں گزشتہ روز سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی نیپالی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں محمد رضوان کو ایشیا کپ کی جرسی پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو وائرل ہوئی تو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک نئی بحث چھڑ گئی کہ جرسی پر ایشیا کپ کے لوگو کے نیچے پاکستان کا نام کیوں نہیں لکھا گیا حالانکہ میزبان ملک کا نام عموماً تمام ٹیموں کی جرسیوں پر لکھا جاتا ہے۔

ایشیا کپ 2022کی جرسی جس میں میزبان ملک کا نام موجود ہے

 اسی حوالے سے کھیل اور کھلاڑیوں کی خبروں پر نظر رکھنے والے صارف فرید خان نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: کیا کوئی جانتا ہے کہ ایشیا کپ کے لوگو میں میزبان ملک کا نام کیوں نہیں ہے؟ یہ ہمیشہ لکھا جاتا ہے، پاکستان لکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پچھلے سال لوگو کے نیچے سری لنکا لکھا گیا تھا، ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں ہونے کے باجود میزبان ملک کا نام جرسی پر موجود تھا۔

 


صارف فرید خان نے پوسٹ کی تو جواب میں کرکٹ کے شائقین کو بھی تجسس ہوا، بعض صارفین کا ماننا تھا کہ چونکہ ٹورنامنٹ 2 ملکوں میں کھیلا جا رہا ہے اس لیے نہیں لکھا گیا جبکہ بعض  صارفین ایسے بھی تھے جن کے مطابق اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

صارف فائقہ نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کیونکہ ٹرافی پر ہمارا نام لکھا گیا ہے، اس لیے جرسی پر ہو یا نہ ہو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

 

ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے دیکھا تھا جرسی پر کہیں تو لکھا تھا ، شاید ڈیزائنر سے غلطی ہوگئی ہے۔


ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے اور جرسی پر نام نہ لکھوانے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ جرسی پر پاکستان اس لیے نہیں لکھا کیونکہ بھارت نہیں چاہتا کہ ان کی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام ہو۔ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک ہونا چاہیے اور پاکستان کو ورلڈ کپ کی جرسی پر ان کا نام نہیں لکھوانا چاہیے۔


یاد رہے کہ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ کل ملتان میں کھیلا جائے گا جس میں میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp