معروف گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے ’حادثہ‘ ڈرامہ پر تنقید کے بعد وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ وہ کسی ایسی چیز کا حصہ نہیں بنیں گی جس سے کسی کی دل آزاری ہو، نجی ٹی وی چینل کے توسط سے بننے والا ڈرامہ ’حادثہ‘ معاشرے کی حقیقت پر مبنی ہے کسی مخصوص کردار یعنی (موٹر وے حادثے) پر مبنی نہیں ہے۔
موٹروے ریپ کیس کی متاثرہ خاتون کی جانب سے نجی ٹی وی چینل پر نشرکیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’حادثہ‘ پر سوالات اٹھانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی تنقید کی جا رہی ہے، جس کے رد عمل میں اداکارہ حدیقہ کیانی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ جب انکو نجی ٹی وی چینل نے ڈرامے میں مرکزی کردار کی آفر کی تو انکا سب سے پہلا سوال یہ تھاکہ اگر یہ ڈرامہ کسی کی کہانی پر مبنی ہے تو وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گی۔
حدیقہ کیانی نے لکھاکہ وہ کوئی ایسا کردار ادا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکیتیں جس سسے کسی متاثرہ کی دل آزاری ہو، اسی لیے سب سے پہلے یہ پوچھا کہ اس ڈرامے کی کہانی موٹروے حادثے سے متعلق ہے؟ کسی سچی کہانی پر مبنی ہے؟ اگر ایسا ہے تو وہ یہ کردار نہیں نبھائیں گی۔
انہوں نے لکھاکہ ان کے انکار کرنے پر ڈرامہ پروڈکشن ٹیم نے کہاکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے، پھر جب اسکرپٹ پڑھا تو معلوم ہوا کہ اس ڈرامے کی اسٹوری 2020 میں ہونے والے موٹر وے حادثہ پر مبنی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں
اداکارہ حدیقہ کیانی کے مطابق بدقسمتی سے اس معاشرے میں عصمت دری اور تشدد کے خوفناک فعل پائے جاتے ہیں، جس کا شکار بہت سی عورتیں، مرد اور بچے ہیں۔ اور یہی اس معاشرے کی حقیقت ہے جس میں ہم لوگ رہ رہے ہیں۔
انہوں نے لکھاکہ وہ اس طرح کی بہت سی کہانیوں کو ایکسپوز کر چکی ہیں لیکن یہ بات واضح ہے کہ حادثہ ڈرامہ کسی مخصوص فرد پر مبنی نہیں ہے، بلکہ معاشرے کی حقیقت پر مبنی ہے۔
ان کے مطابق عصمت دری، اور جنسی ہراسانی ایک دردناک عمل ہے خاص طور پر جو اس عمل سے گزرا ہوتا ہے اس کے لیے برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہدایت کاروں کو یہ ڈرامہ وارننگ کے ساتھ آن ایئرکرنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ وہ اس وقت اس حالت میں نہیں کہ حادثے کا شکار ہونے والی خاتون کو جواب دے سکیں لیکن ہمیں اتنا ضرور کرنا چاہیے کہ اس قسم کے حادثوں میں زندہ بچ جانے والوں کو بااختیار بنانے اور ان کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔
واضح رہے ستمبر 2020 میں لاہور موٹر وے پر گجرانوالہ کے قریب ایک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ایک خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا اور عدالت نے سزائے موت کی سزا دی تھی۔
یہ بھی واضح رہے کہ ’حادثہ‘ ڈرامہ کی اسٹوری سے متعلق سوشل میڈیا پر کافی تنقید ہورہی ہے کیونکہ موٹروے حادثہ کا شکار ہونے والی خاتون نے ڈرامہ سے متعلق اعتراض اٹھایا تھاکہ مجھ سے پوچھے بغیر میری کہانی اور کردار پر ڈرامہ بنایا جا رہا ہے کیا یہ لوگ مجھے مرا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔