“یہ دیس ہے اندھے لوگوں کا”، زیادتی کے بعد قتل کی گئی فاطمہ کے لیے پاکستانی ماؤں کی منفرد مہم

منگل 29 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ میں ضلع خیرپور کے علاقے رانی پور کی ایک حویلی میں کمسن ملازمہ فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کا واقعہ گزشتہ کئی روز سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے جہاں آئے روز کبھی ملزمان کے حوالے سے خبریں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرتی ہیں تو کبھی کمسن فاطمہ کو انصاف دلوانے کے لیے مختلف ٹرینڈز چلائے جاتے ہیں۔

ایسی ہی ایک منفرد مہم گزشتہ روز سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹرینڈ کر رہی ہے جس میں پاکستان کی نامور خواتین حصہ لے رہی ہیں۔ اس ٹرینڈ میں ملک کی نامور ڈیزائنر ماریہ بی ، صحافی جویریہ صدیقی اور دیگر کئی بڑے نام شامل ہیں۔

اس مہم کے حوالے سے صارفین کا کہنا ہے کہ سندھ میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی فاطمہ کے لیے یہ پاکستانی ماؤں کی جدوجہد ہے۔

جسٹس فار فاطمہ کے نام سے چلنے والے ٹرینڈ میں ماریہ بی کی جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے ماریہ بی سمیت باقی خواتین ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے ہیں جن پر فاطمہ قتل کیس میں اب تک ملنے والے شواہد لکھے گئے ہیں۔

ویڈیو میں مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین کا کہنا ہے کہ 10 سالہ بچی پر تشدد اور ریپ کیا گیا ہے، اس کے خاندان والے غریب جبکہ اس کا مجرم بااثر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں ہونے کے ناتے ہم ملزم اسد شاہ کے خلاف جلد از جلد کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ ہمیں پتہ ہے کہ باقی بہت سارے مجرموں کی طرح یہ بھی بچ نکلنے کی کوششوں میں ہے۔

ڈیزائنر ماریہ بی کے اکاؤنٹ سے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے، ہم عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کیس پر سو موٹو لے اور زیادتی کرنے والوں کو مثالی سزا دے کر دوسرے بچوں کی حفاظت کریں۔

اگر ہم اپنے بچوں کو محفوظ نہیں رکھ سکتے تو پھر ہمارے نظام انصاف کا کیا فائدہ؟ بچوں سے زیادتی کرنے والے اور پیڈو فائل کو سخت سزائیں دی جانی چاہئیں۔

 


اسی حوالے سے صارف اختر علی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا یہ دیس ہے اندھے لوگوں کا، اے چاند یہاں نہ نکلا کر


ایک اور صارف نے لکھا انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp