ملک میں 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بعد جماعت اسلامی نے بھی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے وکیل کے توسط سے آئینی درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم جاری کرے۔
جماعت اسلامی نے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا جائے، متعلقہ اداروں کو ہداہت کی جائے کہ وہ الیکشن کمیشن کی انتخابات سے متعلق معاونت کریں۔
مزید پڑھیں
دائر کردہ درخواست کے مطابق یہ بھی استدعا کی گئی کہ نگراں حکومت کو آئین کے مطابق الیکشن میں معاونت کرنے کا حکم دیا جائے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور صوبائی نگراں حکومتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات 90 روز کے اندر کروانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے جانب سے عدالت عظمیٰ میں آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواست دائر کی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ صدر مملکت کو ہدایت کی جائے کہ 90 روز میں انتخابات کروانے کا شیڈول جاری کریں۔