اسلام آباد میں الرجی پیدا کرنے والے پولن کی مقدار میں اضافہ

منگل 29 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولن کی مجموعی مقدار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ فضا میں اس کا تناسب معتدل سطح پر رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں پولن کی مجموعی مقدار 59 سے بڑھ کر 118 پولن فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد میں جنگلی شہتوت کے پولن کی مقدار 54 رہی۔ اس کے علاوہ گھاس کے پولن کی مقدار 12 جبکہ فنجائی کی مختلف اقسام کے پولن کی مقدار 29 فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ماہریں صحت کا کہنا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ پولن کی مقدار اسلام آباد میں پائی جاتی ہے۔ پیپرملبری اور دیگر پودے مل کر پیک سیزن میں 45 ہزار فی کیوبک میٹر تک پولن پیدا کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں 12 ایسے درخت پائے جاتےہیں جوپولن الرجی کے پھیلاؤ کاباعث بنتے ہیں اور ان کی نشوونما بھی بہت تیزی سے ہوتی ہے جن میں بلیک میلبری اور وائلڈ میلبری سب سے زیادہ خطرناک ہیں ۔

موسم بہار میں جب درختوں پر پھول پتے کھلنا شروع ہوتے ہیں تو ان سے نکلنے والے ذرات ہوا میں پھیل جاتے ہیں اور سانس کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوکرالرجی کا باعث بنتے ہیں۔

پولن الرجی کی علامات میں سانس لینے میں مشکل، آنکھوں میں جلن، مسوڑھے سوج جانا اور نزلہ زکام شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے ہدایات کے مطابق پولن الرجی کے مریض احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پولن الرجی کے مریض گیلے ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، غیرضروری  سفر سے  پرہیز کریں اور گھر کی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں پولن مارچ ، اپریل، ستمبر اور اکتوبر میں انتہا پر ہوتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp