اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ اسرائیلی سپر ماڈل بیلا حدید سے نفرت کرتے ہیں،اپنے بیان پر معافی نہیں مانگیں گے۔
اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے گزشتہ دنوں ایک اسرائیلی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کہ یہودی آباد کار کے طور پر آزادی کی تحریک کے لیے ان کا حق فلسطینیوں کے حق سے زیادہ ہے۔
انہوں نے انٹرویو میں کہا تھا کہ میرا، میری بیوی اور بچوں کا مغربی کنارے کی سڑکوں پر چلنے کا حق عربوں کے نقل و حرکت کی آزادی کے حق سے زیادہ اہم ہے۔
اسرائیلی وزیر کے اس بیان کے بعد جہاں دنیا بھر کے اہم رہنماؤں اور سماجی کارکنان نے تنقید کی وہیں امریکا کی سُپر ماڈل بیلا حدید نے بھی ان کے بیان پر تنقید کی تھی
سُپر ماڈل بیلا حدید نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کا بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت یا 2023ء میں کسی کی زندگی دوسرے کی زندگی سے زیادہ قیمتی نہیں ہونی چاہیے۔ خاص طور پر صرف ان کی نسل، ثقافت یا خالص نفرت کی وجہ سے۔‘
Bella Hadid posted this to her 59 million followers pic.twitter.com/KoePCFEM5z
— amani (@Aurorraz_) August 24, 2023
امریکی سُپر ماڈل بیلا حدید کے جواب میں اسرائیلی وزیر نے نفرت آمیز ٹویٹ کیا اور لکھا کہ صبح بخیر۔ ’اسرائیل بیلا حدید سے نفرت کرتا ہے۔‘
اتمار بن گویر نے بیلا حدید کے نام پیغام میں لکھا کہ ’میں نے کل دیکھا کہ آپ نے میرے انٹرویو سے ایک حصہ لیا اور مجھے نسل پرست اور تاریک خیالات رکھنے والا بتانے کے لیے اسے شیئر کیا۔‘
انہوں نے سُپر ماڈل بیلا حدید کے نام پیغام میں لکھا کہ ’میں آپ کو کریات اربعہ میں اپنے مقام پر مدعو کرتا ہوں، یہ دیکھنے کے لیے کہ ہم یہاں کیسے رہتے ہیں، یہاں ہر روز یہودیوں کو کس طرح قتل کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں کسی کے ساتھ کوئی غلط نہیں کیا، میری بیوی اور بچوں کو یہاں رہنے والے دہشت گردوں سے روزانہ کیا دھمکیاں ملتی ہیں۔‘
اسرائیلی وزیر نے مزید لکھا کہ ’میرا اور میرے ساتھی یہودیوں کا یہودیہ اور سامریہ کی سڑکوں پر سفر کرنے اور بحفاظت گھر واپس آنے کا حق ان دہشت گردوں کے حق سے زیادہ ہے جو ہم پر پتھر پھینکتے ہیں اور ہمیں مارتے ہیں۔‘
انہوں نے اپنے بیان معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’معافی نہیں مانگتا اور اپنے الفاظ سے پیچھے نہیں ہٹتا۔ میں انہیں مزید 1,000 بار بھی کہوں گا۔‘