راولپنڈی: خاتون ٹیچر پر تشدد اور ڈکیتی کاملزم گرفتار

بدھ 30 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی کے علاقے تھانہ وارث خان کی حدود میں خاتون ٹیچر سے ڈکیتی اور اس پر تشدد کرنے والے ڈاکو کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

راولپنڈی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ ایک روز قبل تھانہ وارث خان کی حدود میں خاتون ٹیچر سے ڈکیتی اور تشدد کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،  پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق اس واردات میں ملوث ڈاکوؤں نے پولیس کی ٹیم پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جس کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ڈاکو کا نام حمزہ ہے جس کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر ایس پی رورل نے ڈکیتی اور تشدد کا شکار ہونے والی خاتون ٹیچر کے شوہر ظفر سے ان کے گھر پر جا کر ملاقات کی اور انہیں پولیس کی کارروائی سے آگاہ کیا۔

خاتون ٹیچر کے شوہر ظفر نے پولیس کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی زوجہ کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس پر پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وہ پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

واضح رہے کہ 28 اگست کو راولپنڈی میں تھانہ وارث خان کے علاقے محلہ حکمداد میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو خاتون سے پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ پرس میں نقدی، طلائی انگوٹھیاں اور موبائل فون موجود تھا۔

ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران خاتون کو زدو کوب اور ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا، فرار ہونے سے قبل ڈاکوؤں نے خاتون کو گلی میں گرا دیا اور موٹر سائیکل پر اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔

بعد میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کہ ڈکیتی کا شکار ہونے والی خاتون ایک اسکول ٹیچر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp