ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے 1983 میں ایشین کرکٹ کونسل کی بنیاد رکھی گئی، جس نے 1984 میں ایشیا کپ کا انعقاد کیا، شارجہ سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے اب تک 15 ایڈیشن ہو چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 7 بار بھارت، 6 بار سری لنکا اور 2 بار پاکستان فاتح رہ چکا ہے۔
پہلا ایشیا کپ
ایشیا کپ کا سب سے پہلا ایڈیشن 1984 میں ہوا، یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات کے شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، اس ٹورنامنٹ میں 3 ٹیموں پاکستان، بھارت اور سری لنکا نے حصہ لیا، پہلا ایشیا کپ بھارت نے اپنے نام کیا جس میں پاکستان تیسرے نمبرپر رہا۔
بھارت نے کون کون سا ایشیا کپ اپنے نام کیا؟
ایشیا کپ میں اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم بھارت ہے، جس نے 7 بار یہ ایونٹ اپنے نام کیا ہے، بھارت پہلی بار 1984 میں ایشیا کپ کی فاتح بنی، اس کے بعد ایشیا کپ کے تیسرے ایڈیشن 1988، چوتھے ایڈیشن 1990 اور 5ویں ایڈیشن 1995 میں کامیاب ہوئی۔
2010 میں سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کی فاتح بھی بھارت رہی۔
2016 میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی بھارت کے نام رہا جبکہ ایشیا کپ کا 14واں ایڈیشن جو 2018 میں کھیلا گیا بھارت نے ساتویں بار اپنے نام کیا۔
سری لنکا 6 بار ایشین چیمپئن رہی
ایشیا کپ کی دوسری سب سے کامیاب ٹیم سری لنکا ہے، جس نے 6 بار ایشیا کپ اپنے نام کیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل کے تحت ہونے والے 1986 میں ایشیا کپ کے دوسرے ایڈیشن میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار ایونٹ میں کامیابی حاصل کی۔
مزید پڑھیں
دوسری بار 1997 میں، تیسری بار 2004 میں، اور چوتھی بار 2008 میں ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا نے کامیابی سمیٹی۔
2014 میں بنگلادیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا نے پاکستان کو فائنل میں شکست دے کر فتح حاصل کی اور چھٹی بار پھر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہونے والے 2022 میں ایشیا کپ کے 15ویں ایڈیشن کے دوران پاکستان کو شکست دے کر سری لنکا ایشیا کپ کا فاتح بن گیا۔
پاکستان صرف 2 بار ایشین چیمپئن بن سکا
پاکستان صرف 2 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن سکا ہے، جبکہ یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کو ہوسٹ کر رہا ہے، اس سے قبل 2008 میں ایشیا کپ کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں ہوا تھا، جبکہ 2023 میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا ہوسٹ ہیں۔
2000ء میں ہونے والے ایشیا کپ کے ساتویں ایڈیشن کی چیمپئن پاکستان رہی اور اس کے بعد 2012 میں بنگلادیش میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان ہی ایشیا کپ کی فاتح رہی۔
بنگلادیش اب تک کوئی کپ نہیں جیت سکا
ایشیا کپ کے دوسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی ٹیم بنگلادیش ابھی تک ایک بار بھی ایشین چیمپئن نہیں بن سکی، جبکہ 3 بار فائنل میں پہنچی تاہم فتح سے ہمکنار نہ ہو سکی۔
ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیمیں
ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ شامل ہیں، جبکہ اس بار نیپال کی ٹیم بھی پہلی مرتبہ ایشیا کپ کا حصہ بنے گی۔
بھارت اور پاکستان نے ایشیا کپ میں حصہ کیوں نہیں لیا
1986 میں سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈیا نے حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا، ان دنوں بھارت اور سری لنکا کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ تھا۔
اس دوران بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کا حصہ بننے کا موقع ملا، جس کے بعد سے وہ ایشیا کپ کا مستقل رکن ہے۔
91-1990 کے ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کشیدگی اختیار کر چکا تھا تاہم پاکستان نے ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کیا اور ایشیا کپ کا حصہ نہیں بنا تھا۔
ایشیا کپ کی 38 سالہ تاریخ میں سری لنکا وہ واحد ٹیم ہے جو تمام ایونٹس کا حصہ رہی ہے۔
ایشیا کپ کب کب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا
ابھی تک 2 بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جا چکا ہے، ایک بار 2016 میں اور دوسری بار 2022 میں کھیلا گیا، اس کی وجہ یہ ہے کہ آئی سی سی نے ایک نیا رول متعارف کرایا ہے جس کے تحت جس سال جس فارمیٹ کا ورلڈ کپ ہوگا اس سال ایشیا کپ بھی اسی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کورونا وبا کے دوران 4 سال تک ایشیا کپ نہیں ہو سکا تھا، تاہم ابھی معمول کے مطابق ہو رہا ہے۔