پاکستان نے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں بھارت کو شکست دے دی

پیر 22 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 2-1 سے شکست دے دی۔

دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز کے مقابلے میں بھارتی فائٹرز بے بسی کی تصویر بنے رہے، پہلے مقابلے میں پاکستان کے رضوان علی نے بھارت کے پوون گپتا کو شکست سے دوچار کیا، رضوان علی نے پوون گپتا کو مقابلے کے آغاز میں ہی ناک آؤٹ کردیا۔

دوسرے مقابلے میں بھارت کے ہمانسو کوشک نے پاکستان کے فیضان خان کو مات دی، فیضان خان علومی کریم کی جگہ ہمانسو کوشک سے مقابلے کے لیے اترے تھے، علومی کریم وزن برابر نہ ہونے کی وجہ سے فائٹ میں شرکت سے محروم رہے۔ فیضان نے بھارتی حریف سے مقابلہ تو خوب کیا لیکن وہ اس کو زیر کرنے میں ناکام رہے اور یوں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔

تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کے فائٹر شاہزیب نے بھارت کے رانا سنگھ کو پچھاڑ دیا، شاہزیب نے فائٹ کے آغاز میں ہی رانا سنگھ پر پے درپے وار کیے اور انہیں اتنا بے بس کردیا کہ وہ ایک کونے میں دبک گئے اور کافی دیر اٹھ نہ سکے۔ بھارتی فائٹر شاہ زیب کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار پائے، پاکستان نے معرکہ 1-2 سے جیت لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp