جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ’تباہی کا فارمولا‘ ہے، اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا

بدھ 30 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ نے جوہری تجربات کو اجتماعی خودکشی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جوہری تجربات کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، دنیا بھر میں تقریباً 13ہزار جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ہے تباہی کا ایک نسخہ ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز جوہری تجربات کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں اہم ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس بین الاقوامی معاہدے کی توثیق کریں جس میں پرامن اور فوجی مقاصد دونوں کے لیے جوہری تجربات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ہمیں عالمی سطح پر عدم اعتماد اور تقسیم میں خطرناک حد تک اضافے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں تقریباً 13ہزار جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ہے اور ممالک اپنی صلاحیتوں، رسائی اور تباہ کن طاقت کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، یہ مکمل تباہی کا ایک فارمولا ہے۔

اس لیے جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے جوہری تجربے پر پابندی کا جامع معاہدہ (سی ٹی بی ٹی) ہماری جدوجہد میں ایک بنیادی قدم ہے۔ یہ معاہدہ ستمبر 1996 میں دستخط کے لیے پیش کیا گیا لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے کیونکہ اس پر 44 مخصوص جوہری ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک کی طرف سے دستخط اور توثیق ہونی چاہیے جن میں سے 8 ممالک پاکستان، بھارت، ایران، چین، مصر، اسرائیل، شمالی کوریا اور امریکا نے ابھی تک اس کی توثیق نہیں کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے معاہدے کی توثیق نہ کرنے والے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بغیر کسی شرط کے جوہری تجربے پر پابندی کا جامع معاہدہ (سی ٹی بی ٹی) کی فوری توثیق کریں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کسبا کوروسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک یادگاری تقریب کے دوران اسی پیغام کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے اعتمادی، جغرافیائی سیاسی مسابقت اور مسلح تصادم نے دنیا میں خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ خاص طور پر اگر ہم یوکرین جنگ میں جوہری حملے کے باقاعدہ خطرات پر غور کریں۔

 

انہوں نے تخفیف اسلحہ کے لیے انسانی نقطہ نظرپر زور دیتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیاروں میں سرمایہ کاری تمام لوگوں اور کرہ ارض کے لیے زیادہ پائیدار مستقبل کے حصول کے لیے عالمی وعدوں سے بالکل مطابقت نہیں رکھتی۔ انہوں نے تاریخ سے سبق سیکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا خاص طور پر ایسے لمحے میں جو بہت سے خطرات سے بھرا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت اپنے پیاروں اور آنے والی نسلوں کے لیے جوہری تجربات سے عالمی سطح پر ہونے والی تباہی اور اجتماعی خودکشی کے خطرے کو روکنے کا وقت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp