6 سال کی عمر میں بھارت کو شکست دینے والا پاکستانی بچہ

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوات کے نوجوانوں میں  تائیکوانڈو خاصا مقبول ہو چکا ہے اور اب اس کھیل میں بچے بھی پیچھے نہیں رہے۔ کچھ عرصہ قبل تحصیل کبل  کے گاؤں ملوچ سے تعلق رکھنے والے 6 سالہ عکاشہ نے تھائی لینڈ میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

عکاشہ کے بھائی فارس خان نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم ہیں۔ جب ان کے والد کو پتا چلا کہ عکاشہ کو تھائی لینڈ مقابلے کے لیے جانا ہے تو انہوں نے ہمیں اپنے خرچے پر بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ فارس کے مطابق تھائی لینڈ کے سفر اور رہائش کے تمام اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے ہیں۔

تھائی لینڈ میں ہونے والے مقابلوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ چھٹی ‘ہیرو تائیکوانڈو انٹرنیشنل چیمپئن شپ 2023’ میں 42 ملکوں کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ عکاشہ کی کامیابی سے متعلق فارس خان نے بتایا کہ جب ہمارے والدین کو پتا چلا کہ اس نے گولڈ میڈل جیتا ہے تو ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ ان کے مطابق سوات واپسی پر مقامی انتظامیہ نے ہمارا پرجوش استقبال کیا اور عکاشہ کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

تائیکوانڈو کلب میں عکاشہ کے استاد محمد ابراہیم اور فرمان کہتے ہیں کہ سوات میں بہت زیادہ نوجوان تائیکوانڈو سیکھتے اور کھیلتے ہیں۔ ان کے مطابق وسائل اور جدید مشینیں نہ ہونے کے باوجود سوات کے بچوں نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر مناسب سہولیات میسر آجائیں تو ان جیسے دیگر بچے مزید کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ مستقبل سے متعلق عکاشہ کے بھائی فارس خان  بتاتے ہیں کہ اگلے برس جنوری میں دبئی میں ہونے والے مقابلوں کی تیاری کر رہے ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ عکاشہ آنے والے بہت سےمقابلوں میں حصہ لے اور پاکستان کے نام ڈھیر سارے میڈل لائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp