جوہانسبرگ میں کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی، 63 ہلاک

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی کے بعد کم از کم 63 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ شہری انتظامیہ نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ مولاؤدزی نے بتایا کہ جمعرات کی صبح لگنے والی آگ نے شہر کے مرکزی کاروباری ضلع میں واقع ایک عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

’اب تک جائے وقوعہ سے 63 لاشیں برآمد ہوچکی ہیں، جہاں اب بھی تلاش اور بازیابی کا عمل جاری ہے، یہی وجہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔‘

حکام کے مطابق آگ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا لیکن شہر کے وسط میں کالی عمارت کی کھڑکیوں سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

کچھ کھڑکیوں سے چادروں اور دیگر سامان کی تاریں بھی لٹکی ہوئی تھیں۔ یہ واضح نہیں تھا کہ آیا لوگوں نے ان کا استعمال آگ سے بچنے کے لیے کیا تھا یا وہ اپنے مال کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ریسکیو سروس کے مطابق مرنے والوں میں کم از کم ایک بچہ بھی شامل ہے، آگ سے جھلسنے اور زخمی ہونے والے شہریوں کو صحت کے مختلف مراکز میں ہنگامی بنیادوں پر علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے مطابق مذکورہ کثیرالمنزلہ عمارت مؤثر طور پر ایک غیر رسمی رہائشی انتظام کے طور پر استعمال کی جارہی تھی، جہاں بے گھر افراد بغیر کسی رسمی لیز کے معاہدے کے رہائش کی تلاش میں چلے گئے تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ عمارت میں لگ بھگ 200 افراد رہائش پذیر تھے، یہی وجہ ہے کہ امدادی کارکنوں کے لیے بھڑکتی ہوئی آگ کو بجھاتے ہوئے عمارت کی تلاش کا عمل خاصا مشکل بنا دیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی نیوز 24 آن لائن نیوز سائٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp