نگراں بلوچستان حکومت کے کم عمر ترین وزیر کون ہیں؟

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

25 سال کی عمر میں وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد نوابزادہ جمال رئیسانی بلوچستان کے سب سے کم عمر وزیر بن گئے ہیں، انہیں محکمہ کھیل،امور نوجوانان اور ثقافت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے 20 ستمبر 1997 میں بلوچوں کے معتبر قبیلے رئیسانی میں آنکھ کھولی۔ جمال رئیسانی سابق گورنر بلوچستان و چیف آف سراوان نواب غوث بخش رئیسانی کے پوتے اور سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی اور سابق سینیٹر حاجی لشکری رئیسانی کے بھتیجے ہیں۔

جمال رئیسانی کا تعلیمی سفر

نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے سٹی اسکول سے جبکہ ہائی اسکول 2017 میں تھائی لینڈ کے چیانگ رائے انٹرنیشنل اسکول سے پاس کیا۔ انہوں نے 2021 میں مائی فالوانگ یونیورسٹی سے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔

سیاسی سفر

جمال خان رئیسانی میر سراج رئیسانی کے صاحب زادے ہیں۔ 12 جولائی 2018 کو ضلع مستونگ کے علاقے درنگڑھ میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکہ میں سراج رئیسانی شہید ہوگئے تھے۔ سراج رئیسانی کی شہادت کے بعد جمال رئیسانی نے عملی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔

جمال رئیسانی بلوچستان شہداء فورم کے پیٹرن ان چیف ہیں آپ نے 2011 میں بلوچستان متحدہ محاذ کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں حصہ لیا والد کی شہادت کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔ جمال رئیسانی 2022 سے2023 تک وزیراعلیٰ بلوچستان کے کورآرڈینیٹر برائے امور نوجوانان رہ چکے ہیں۔

جنوری 2023 میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد جمال رئیسانی نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

 

جمال رئیسانی کی دلچسپی

نوابزادہ جمال خان رئیسانی پروفیشنل فٹبالر بھی رہے انہوں نے اپنے فٹبال کیریئر کا آغاز 2014 میں چیانگ رائے انٹرنیشنل اسکول سے کیا۔ وہ 3 سال تک چیانگ رائے انٹرنیشنل اسکول ٹیم کے کپتان بھی رہے اسی دوران چیانگ رائے سٹی فٹبال کلب میں بطور کھلاڑی شمولیت اختیار کی تھی۔

جمال رئیسانی 2015سے2016 تک چیانگ رائے یونائیٹڈ یوتھ ٹیم سے وابستہ رہے۔2016 سے2017 تک چیانگ رائے یونائٹڈ کی بی ٹیم میں تھائی لیگ 4 کھیلا۔ 2017 سے 2022 تک چیانگ رائے یونائٹڈ فٹبال کلب کی فرسٹ ٹیم کے لیے بھی فٹبال کھیلی۔

نوابزادہ جمال خان رئیسانی فیفا ورلڈ کپ 2022 کے کوالیفائرز کے لیے قومی فٹبال ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔ 2022 میں چیانگ رائے لانا فٹبال کلب ک ساتھ کنٹریکٹ سائن کیا۔ 2023کے سیزن کے اختتام پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ لیکر مستقل طور پر سیاسی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp