نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، اوورسیز پاکستانیوں کو ایئر پورٹس پر تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ اداروں کو اسمگلنک کے خاتمے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی معیشت کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم کو ملکی معیشت کے حالیہ اعشاریوں کے بارے میں اور معیشت کو مستحکم کرنے کی ممکنہ حکمت عملیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان کی تاجر برادری اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی شریک ہوئیں، جنہوں نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو ملک سے اسمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کسٹمز اور امیگریشن حکام کو اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایات کی۔

وزیراعظم کو اجلاس میں ایران کے ساتھ ہونے والی تجارت کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ملک امجد زبیر ٹیوانا، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس میں نجی شعبے کے معروف صنعت کاروں نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp