بجلی بلوں پر ریلیف کا فیصلہ آج بھی نہ ہو سکا، معاملہ کل کابینہ اجلاس میں زیر بحث آئے گا

پیر 28 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف جہاں ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کی بے چینی کم نہیں ہو سکی وہیں حکومت کی جانب سے آج بھی بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

’اتوار کو وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عوام کو فوری ریلیف دینے کی ہدایت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ بجلی صارفین کو ریلیف کا فیصلہ آج کیا جائے گا‘۔

نگراں وزیراعظم سے وزیرتوانائی کی ملاقات، بجلی بلوں کے معاملے پر تبادلہ خیال

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے بلوں پر عوام کو ریلیف دینے لیے منگل کو پھر اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں وزارت پانی و بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں کےحکام بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بجلی صارفین کوریلیف دینےسےمتعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے نگراں وزیر توانائی محمد علی کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافے پر غور کیا گیا اور صارفین کو ریلیف دینے پر مشاورت کی گئی۔

قبل ازیں پیر کو وزارت توانائی میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزارت توانائی نے اس اہم معاملے پر تجاویز کو حتمی شکل دے دی۔ یہ تجاویز کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

وزارت توانائی کے مطابق بجلی کے بلوں سے متعلق حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا، کیونکہ ان تجاویز اور فیصلوں کی منظوری کی مجاز صرف وفاقی کابینہ ہے۔

وزارت توانائی نے کہا ہے کہ اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا کہ تجاویز اور فیصلے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں عوام کو بجلی کے بلوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کر گئی تھی۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مفت بجلی استعمال کرنے والے افسروں اور اداروں کی تفصیلاب بھی طلب کر لی گئی تھیں۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے زائد بلوں میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات مرتب کرکے پیش کیے جائیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ جلد بازی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔ ایسے اقدامات اٹھائیں گے جس سے ملکی خزانے پر اضافی بوجھ نہ ہو اور صارفین کو سہولت ملے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کہ عام آدمی مشکل میں ہو، افسر شاہی اور وزیرِ اعظم ان کے ٹیکس پر مفت بجلی استعمال کریں۔ متعلقہ وزارتیں اور متعلقہ ادارے مفت بجلی حاصل کرنے والے افسران اور اداروں کی مکمل تفصیل فراہم کریں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ تقسیم کار کمپنیاں بجلی چوری کی روک تھام کا روڈ میپ پیش کریں۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحات، قلیل، وسط اور طویل مدتی پلان جلد از جلد  پیش کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp