پاکستان یو این امن مشن میں بھرپور کردار ادا  کرتا رہے گا، نگران وزیرخارجہ

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا میں قیام امن کے لیے بھرپور کردار اداکیا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اقوام متحدہ کے امن مشن کے 2 روزہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشیدگی کا شکارعلاقوں میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ سے ملکر اہم کردار ادا کیا ہے، امن مشن کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے تقریب میں شریک مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے مشنز دنیا میں قیام امن کے لیے کوشاں ہیں، امن مشن کا حصہ بننے والے اہلکاروں کی طبی امداد کے لیے بھی اقدامات ہونے چاہییں۔

رسمی قیام امن کے بجائے جدید خطوط پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن مشن کی کامیابی کا انحصار کثیر جہتی اور مربوط عوامل پر مشتمل ہے۔

 

پاکستان نے 30 اور31 اگست کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے آئندہ اجلاس کی تیاری سے متعلق اجلاس کی میزبانی کی جس کا موضوع ’اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی‘ ہے۔ جاپان اس اجلاس کا شریک میزبان ہے جو پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی (سی آئی پی ایس) میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں 156 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے پیس کیپنگ آپریشنز میں نمائندگی کرنے والے رکن ممالک کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے سینیئر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل مذاکرہ منعقد کیا گیا، جن میں صلاحیت سازی کی ضروریات، بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کی حفاظت ، اقوام متحدہ کے امن مشن کی طبی صلاحیت کو بڑھانے کے علاوہ ٹیکنالوجی اور سٹریٹجک مواصلات سے فائدہ اٹھانے پر غور کرنا شامل ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا شمار اقوام متحدہ کی امن فوج کو سب سے زیادہ فوجی دینے والے ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان 1960 سے لے کر اب تک دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین اہلکاروں کا حصہ ڈال چکا ہے، پاکستان کے 172 امن فوجیوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال قربانیاں دیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے اس کی مسلسل وابستگی کی نشاندہی کرتی ہے جس کا مقصد مختلف تنازعات والے علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس وزرائے خارجہ اور دفاع کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوتا ہے۔ 2023 کا وزارتی اجلاس دسمبر میں گھانا میں منعقد کیا جائے گا، اس سے قبل اجلاس کی تیاری کے لیے 4 میٹنگوں کی ایک سیریز ہوگی جن میں سے ایک کی پاکستان میزبانی کر رہا ہے، جس میں اقوام متحدہ کے امن مشن کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس نتائج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مخصوص شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp