ہمارے پاس شاہین ، نسیم اور حارث کی کمی ہے، بھارتی کپتان روہت شرما کا اعتراف

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے پاکستان کی باؤلنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہفتہ کے روز پاکستان کے ساتھ مدِ مقابل تو ہو گا، پاکستان کے خلاف بھرپور تیاری کر رکھی ہے، لیکن ہمارے پاس شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی کمی ہے۔

پاکستان کے مدِ مقابل آنے سے پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روہت شرما نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ’ دیکھیے، نیٹ میں ہمارے پاس شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف تو ہیں نہیں! ۔ہم نے اپنے دستیاب گیند بازوں کے ساتھ ہی پاکستان کے مد مقابل آنے کے لیے پریکٹس کی ہے۔

روہت شرما ہفتہ کے روز پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے تیسرے میچ سے قبل اپنی ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں بات کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 کے تیسرے میچ میں کل ہفتہ کے روز روایتی حریف پاکستان اور بھارت سری لنکا میں مدِ مقابل ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت گزشتہ 2 سالوں میں ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکے ہیں۔

تاہم ہفتہ کے روز سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے اس میچ میں دونوں ٹیمیں  2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔

نیپال کے خلاف 238 رنز کی شاندار فتح کے بعد پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف جیت کے لیے پراعتماد نظر آ رہی ہے۔جب کہ بھارت کی ٹیم بھی بدھ کو سری لنکا پہنچ گئی تھی جہاں وہ ایشیا کپ کا اپنا پہلا میچ پاکستان کے ساتھ کھیلنے جا رہی ہے، بھارت عمدہ آغاز کرنے کے لیے اس مقابلے کو جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

بھارتی ٹیم میں  شریاس آئیراور کے ایل راہول کا نیا اضافہ ہوا ہے جس سے بھارتی ٹیم کافی امیدیں لگائے ہوئے ہے۔

حالیہ برسوں میں بھارت کو مختصر ترین فارمیٹ میں بابر اعظم کی قیادت والی ٹیم کے خلاف اہم چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل پاکستان کے مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک نے بھارت کے بیٹنگ آرڈر کو مسلسل مشکلات سے دوچار کیا ہے۔

 گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز ہی بنا سکا تھا لیکن ویرات کوہلی کی ماسٹر کلاس بیٹنگ نے اسے فتح سے ہمکنار کیا تھا۔

اسی طرح 2021کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بنا سکا تھا اور آخر کار اسے 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایک روزہ فارمیٹ میں پاکستان کے مضبوط اور تیز گیند بازوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہندوستانی بیٹنگ لائن اپ تیار ہے یا نہیں اس حوالے سے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ایشیا کپ میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران اپنی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات بتائیں، روہت شرما نے اپنے روایتی انداز میں سوالوں کا مزاحیہ جواب دیا۔

پاکستان کے خلاف مقابلے کے لیے بھارتی ٹیم کی تیاریوں سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں روہت شرما نے کہا کہ ’ دیکھیے، نیٹ میں ہمارے پاس شاہین، نسیم، رؤف تو ہیں نہیں!  اس لیے ہم نے اپنے دستیاب گیند بازوں کے ساتھ ہی پریکٹس کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بھی بہت سے اچھّے باؤلرز ہیں جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی باؤلرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیے! پاکستان کے پاس ہمیشہ معیاری باؤلرز رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ کئی سالوں سے کھیل رہے ہیں، لہٰذا ہمیں کچھ اندازہ ہے کہ وہ کس طرح بولنگ کرتے ہیں، وہ عام طور پر کہاں بولنگ کرنا پسند کرتے ہیں اس لیے ہمیں اپنے تجربے سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp