لاہور ہائیکورٹ میں لاپتا اینکرپرسن عمران ریاض کی بازیابی کی درخواست پر سماعت 6 ستمبر کو ہوگی

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ میں لاپتا اینکر پرسن عمران ریاض خان کی بازیابی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی 6 ستمبر کو سماعت کریں گے۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کو بازیاب کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہوا ہے۔

عمران ریاض کی بازیابی کی درخواست ان کے والد محمد ریاض کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ بازیابی کی درخواست پر آخری سماعت 25 جولائی کو ہوئی تھی۔ عمران ریاض کے بارے میں 11 مئی 2023 کے بعد سے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کہاں ہیں۔

عمران ریاض کب اور کہاں سے لاپتا ہوئے؟

ماہ جون میں شائع ہونے والی بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق عمران ریاض کو 11 مئی کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے پولیس نے اس وقت حراست میں لیا تھا جب حکام کے مطابق وہ مبینہ طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حراست میں لیے جانے کے بعد ابتدا میں انہیں سیالکوٹ کے کینٹ پولیس سٹیشن میں رکھا گیا اور بعدازاں ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔

عمران ریاض کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ عمران ریاض کی عمان کی فلائٹ کا وقت صبح 4بجکر 5 منٹ تھا جبکہ انہیں 3 بجے کے قریب ایئرپورٹ کی حدود سے ایم پی او یعنی ’نقص امن‘ کے خطرے کے تحت حراست میں لیا گیا جس کے بعد انہیں صبح 5 بجے سے دن کے ایک بجے تک کینٹ پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا اور اسی روز انہیں ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔ جیل حکام کے مطابق اسی رات ان کا ایم پی او آرڈر منسوخ کر دیا گیا اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔ رہائی کے بعد وہ رات 11 بج کر 5 منٹ پر جیل سے باہر نکلے جس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے ردعمل میں جب ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ اس دوران پی ٹی اٗی کی جانب جھکاؤ رکھنے والے عمران ریاض کو بھی سیالکوٹ سے حراست میں لیا گیا۔

عمران ریاض کے علاوہ پی ٹی آئی کے حامی سمجھے جانے والے اینکر آفتاب اقبال، سمیع ابراہیم اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان بھی گرفتار ہوئے تھے جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا تھا لیکن عمران ریاض اب تک لاپتا ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp