لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے مری ضلع ختم کرنے کیخلاف پٹیشن سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ، وزارت بلدیات، وزارت ریونیو کو نوٹس جاری کر دیا اور ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں مری ضلع ختم کرنے کیخلاف پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی کی پٹیشن پر سماعت ہوئی، سینئر جج جسٹس صداقت علی خان نے سماعت کی،پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران مستقل پالیسی سازی کا کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے ۔
ہائیکورٹ نے مری ضلع ختم کرنے کیخلاف پٹیشن سماعت کیلئے منظور کرلی،عدالت نے نگران وزیراعلیٰ، وزارت بلدیات، وزارت ریونیو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔
مری کو ضلع کا درجہ کب دیا گیا
واضح رہے کہ اکتوبر 2022ء میں مری کو ضلع کا درجہ دیا گیا تھا،فیصلے میں کہا گیا تھا کہ 690 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا نیا ضلع کوٹلی ستیاں اور مری کی 2 تحصیلوں پر مشتمل ہوگا، دونوں تحصیلوں میں 22 یونین کونسلز شامل ہوں گی۔
مری کو ضلع بنانے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب کے نئے ضلع کا ڈسٹرکٹ کمپلیکس مری اور کوٹلی ستیاں کے درمیان پرہینا کے مقام پر 128 کنال کے رقبے پربنایا جائے گا، ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا فاصلہ مری سے 17 جبکہ کوٹلی ستیاں سے 19 کلومیٹر ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب حکومت کو ضلع مری کیلئے 22 نئے ادارے بنانے ہوں گے، 3 ہزار 612 نئی آسامیاں بھی پیدا ہوں گی، تنخواہوں اور الاؤنس کی مد میں پونے 2 ارب روپے سے زائد خرچ ہونگے جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کيلئے 60 کروڑ روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ضلع مری کے انتظامی معاملات راولپنڈی کے ڈی سی اور سی پی او ہی سنبھالیں گے
نوٹیفکیشن کے مطابق فی الحال ضلع مری کے انتظامی معاملات راولپنڈی کے ڈی سی اور سی پی او ہی سنبھالیں گے، کمشنر راولپنڈی ثاقب منان کا کہنا ہے کہ ڈی سی کا سارا نظام ہوگا، پولیس لائن بنائی جائے گی، مزید تھانے بنائے جائیں گے، ابھی وہاں صرف ایک اے سی ہے، بجٹ کی کوئی قید نہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع مری کا نیا انفرااسٹرکچر سیاحوں کی آمد و رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جائے گا، اسی حوالے سے اسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔
مری کی ضلعی حیثیت ختم کر دی گئی
دو روز قبل پنجاب کی نگران حکومت نے مری کی ضلعی حیثیت ختم کرکے ضلع کانوٹی فکیشن معطل کردیا جس پر اہلیان مری میں کافی مایوسی دیکھنے میں آئی تاہم اہلیان مری کی جانب سے مری کی ضلعی حیثیت بحال کرنے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ نے منظور کر لی ہے۔
مری کی ضلعی حیثیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن