پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفرازاحمد بھی بجلی کے بلوں میں اضافے پر تلملا اٹھے۔ ایک تقریب میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بہت بل آرہا ہے، سولر لگنے کے بعد بھی بہت بل آرہا ہے۔ سمجھ نہیں آرہا کچھ بھی کہ کیا ہو رہا ہے، تھوڑا خیال کریں، بل کم کریں، عوام پر تھوڑا سا رحم کریں۔
وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں کہاکہ وہ ایک روزہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، انہوں نے کبھی ایسا کوئی اعلان نہیں کیا، اور نہ ہی کبھی کہاکہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ایک عرصہ سے ہماری کرکٹ ٹیم اچھے راستے پر چل رہی تھی۔ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ ایک بڑے ایونٹ( ورلڈ کپ ) سے پہلے ٹیم نمبر ون پوزیشن پر آگئی۔ اس سے ٹیم اور کپتان کا اعتماد بڑھتا ہے۔
مزید پڑھیں
سرفراز کا کہنا تھاکہ یقیناً کرکٹ ایک ہائی وولٹیج گیم ہے، سارے لوگ اس میچ کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان کوئی اور میچ جیتے یا نہ جیتے، بھارت سے ضرور جیت جائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی نظر میں پورا ایشیا کپ ہوگا، وہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ کو اسی طرح کھیلے گی جیسے انڈیا کے خلاف کھیلی ہے۔
سرفراز احمد کہتے ہیں کہ باہر بیٹھ کر نہیں پتا ہوتا کہ ٹیم کے لیے کون سا کھلاڑی اچھا ہے، جو اس وقت ٹیم کو دیکھ رہے ہیں یہ بات ان پر ہی چھوڑنی چاہیے کہ کون سا کھلاڑی کس صورت حال میں ٹیم کے لیے کارگر ہوگا۔
’لڑکے اچھا کھیل رہے ہیں، جتنے زیادہ رنز بنائیں گے اتنا ہی ورلڈ کپ میں فائدہ ہوگا۔‘
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہمیشہ سخت مقابلہ ہوتا ہے، چاہے ون ڈے ہو یا ٹی ٹوئنٹی ہو، اس وقت پاکستان کی ٹیم انڈیا سے بہت بہتر ہے، ابھی ایشیا کپ کے لیے بھی اور آگے آنے والے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ کے لیے بھی یہ ٹیم بھارت سے بہت بہتر ہے۔