ایشیاکپ 2023: دوستی کو باؤنڈری کے باہر چھوڑنا چاہیے، گوتم گمبھیر ٹیم پر برہم

اتوار 3 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیاکپ 2023 کے تیسرے میچ اور بڑے ٹاکرے پاک بھارت میچ کے دوران پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان دوستی دیکھ کر سابق اوپنر گوتم گمبھیر غصے میں آگئے اور کہاکہ جب آپ اپنی قومی ٹیم کے لیے میدان میں کھیلتے ہیں، تو دوستی کو باؤنڈری سے باہر چھوڑنا چاہیے۔

ایشیا کپ کے پہلے ٹاکرے میں پاکستانی بولرز نے بھارتی ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں کو پچ پر ٹکنے نہ دیا، اور بھارتی بیٹنگ لائن مکمل طور پر فلاپ ہوگئی، جس کے باعث سابق ہندوستانی کرکٹرز نے اپنے کھلاڑیوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ یہاں تک کہ گوتم گمبھیر نے تو کرکٹرز کے آپس میں میل جول اور ہنسی مزاق پر ہی پلیئرز پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

گوتم گمبھیر نے گزشتہ میچ میں بارش کے وقفے کے دوران ایک بھارتی نیوز چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی ٹیم اسٹیڈیم میں 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہے، ان کو میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستی نہیں نبھانی چاہیے۔

گوتم گمبھیر نے کہا کہ جب آپ اپنی قومی ٹیم کے لیے میدان میں کھیلتے ہیں، تو دوستی کو باؤنڈری سے باہر چھوڑنا چاہیے، ہنسی مزاق کے بجائے غصے کا اظہار کرنا چاہیے، دونوں ٹیموں کے پلئیرز کو جیت کے لیے ایک دوسرے سے لڑنا چاہیے، میچ ختم ہو جانے کے بعد آپ بے شک دوستیاں نبھائیں ہنسی مزاق کریں لیکن فیلڈ پر ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

سابق کرکٹر گوتم گھمھیر نے کہاکہ آج سے چند سال پہلے حریف ٹیموں کے کھلاڑی میچ کے دوران ایک دوسرے کی پیٹھ تھپتھپاتے اور میٹھے جملوں کا تبادلہ نہیں کرتے تھے، لیکن آج کل ایسا ہو رہا ہے۔

گوتم گمبھیر نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہاکہ وہ اور سابق پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل بہت اچھے دوست ہیں، ہمارے درمیان تحفوں کا تبادلہ بھی ہوا ہے، انہوں نے مجھے اور میں ان کو ایک بیٹ گفٹ کیا تھا جو میں نے ایک سیزن میں استعمال بھی کیا تھا لیکن میچ کے دوران گراؤنڈ میں ہم دوست نہیں تھے۔

انہوں نے کہاکہ کھیل کے دوران کھلاڑیوں میں تلخ کلامی ہو جاتی ہے، یہ ہونا بھی چاہیے، لیکن کبھی ذاتی نوعیت کا نہیں ہونا چاہیے تھوڑا بہت غصہ دکھانا کھیل کا حصہ ہے۔

واضح رہے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان سری لنکا کے شہر کینڈے کے گراؤنڈ پالی کیلے میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا جس پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، تاہم پاکستان سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائے کر چکا ہے لیکن بھارت کو سپر 4 مرحلے میں جانے کے لیے نیپال کے خلاف میچ لازمی جیتنا ہوگا جس کے بعد سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے آسکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp