’دل دل پاکستان‘ سے شہرت کے بام عروج پر پہنچنے والے جنید جمشید اب بھی دلوں میں بستے ہیں

اتوار 3 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف نعت خواں جنید جمشید کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کی خدمات کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاپ گلوکار اور نعت خواں جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے پاپ موسیقی گروپ وائٹل سائنز کے نمائندہ گلوکار کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔

جنید جمشید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو اے ٹی) لاہور سے فارغ التحصیل تھے۔ 1987 میں ’دل دل پاکستان ‘ کی ریلز کے ساتھ ہی وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئے۔

ان کی پاپ گلوگاری کے دور میں جنید آف وائٹل سائنز 1994، اس راہ پر 1999 اور دل کی بات 2002 ریلیز ہوئے تھے۔

 1994 میں جنید جمشید کے گانوں کی پہلی البم منظرِ عام پر آئی۔ 2004 میں انہوں نے موسیقی کو خیر آباد کہہ کر مذہبی تعلیمات اور تبلیغ کا راستہ اختیار کرلیا۔

اس کے ساتھ ہی ان کا رجحان اسلامی تعلیمات کی طرف بڑھ گیا اور آہستہ آہستہ انھوں نے موسیقی کی صنعت کو خیر آباد کہہ دیا اور پھر وہ نعت خواں اور ایک تاجر کے طور پر جانے جاتے رہے۔

جنید جمشید جے ڈاٹ بوتیک کے مالک تھے، جس کی شاخیں ملک بھر میں ہیں۔ جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) کی فلائیٹ 661 کے حادثے میں وفات پا گئے۔

52 سالہ جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال میں تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد واپس آ رہے تھے۔ ان کا جہاز حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں عملے کے 5 ارکان سمیت تمام 48 افرادجاں بحق ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ جنید جمشید کو 2018 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ جنید جمشید کی سالگرہ کے موقع پر مختلف ادبی، سماجی اور شو بز انڈسٹری حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp