بھارتی فوج میں پاکستان کے خلاف جاسوسی کے نام پر کرپشن کا بازار گرم ہے، ایک کے بعد ایک کرپشن اسکینڈلز سامنے آنے پر بھارتی فوج کی اعلی قیادت میں کھلبلی مچ گئی۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی ملٹری انٹیلیجنس کے ایک کرنل نے جعلی دستخطوں اور رسیدوں کے ذریعے 3 سالوں میں 6 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی۔
بھارتی ملٹری انٹیلیجنس کے کرنل نے مئی 2019ء سے مارچ 2021ء تک سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لیے 150 سے زائد سویلین گاڑیوں کو صرف کاغذات پر کرائے پر لیا جبکہ بھارتی فوج کے ایک کرنل نے کہا ہے کہ یہ گاڑیاں بھارتی فوج کے افسران خود استعمال کرتے رہے ہیں۔
بھارتی فوج کے 4 کور انٹیلیجنس یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر نے گاڑیاں کرائے پر لینے کے لیے پاکستان کے خلاف جاسوسی کو بہانہ بنایا۔
خود پر الزام لگنے پر بھارتی فوج کا کرنل اپنی ہی فوج پر پھٹ پڑا، کمانڈنگ آفیسر 4 کور انٹیلیجنس یونٹ نے بھارتی فوج کی اعلی کمان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائے کی مد میں لی گئی گاڑیاں کور ہیڈ کوارٹرز میں موجود افسران ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے۔
دوسری طرف بڑے پیمانے پر کرپشن افشا ہونے پر بھارتی ہائی کمان میں کھلبلی مچ گئی ہے، ابتدائی انکوائری رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کے خلاف جاسوسی کے نام پر بھارتی فوج میں وسیع پیمانے پر کرپشن جاری ہے اور پاکستان کا نام آتے ہی بھارتی سرکار کی آنکھیں بند اور خزانے کا منہ کھل جاتا ہے۔