پیر کی صبح کوئٹہ کے وسطی علاقے ہاکی گراؤنڈ چوک پر کسٹم حکام نے اسمگلنگ مبینہ طور پر ملوث ٹرک کو روکنے کی کوشش کی اس دوران فائرنگ سے مبینہ طور پر ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ اس جان لیوا واقعہ کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچی جہاں سے لاش کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹرک ڈرائیور کی شناخت محمد قسیم کے نام سے ہوئی ہے جسکا تعلق قلعہ عبداللہ سے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق کے مطابق ٹرک اور کسٹم حکام کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور ہلاک ہوا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کسٹم بلوچستان ڈاکٹر عطاء بڑیچ کے مطابق صبح سویرے ایک ٹرک اسمگلنگ کے سامان سے لوڈ تھا کسٹمز حکام کی جانب سے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی گئی مگر ڈرائیور نے ٹرک نہ روکا جس پر کسٹم موبائل اسکواڈز نے ٹرک کا تعاقب کیا۔
ترجمان کسٹم نے بتایا کہ ٹرک کے ساتھ اسمگلرز پرائیوٹ گاڑیوں میں سوار تھے جنہوں نے کسٹمز موبائل کو روکنے کی کوشش کی۔ نہ روکنے پر اسمگلروں نے کسٹم موبائل گاڑی کو نشانہ بنا کر فائرنگ بھی کی۔
’اسمگلرز کی فائرنگ سےکسٹم کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، تاہم مسلسل تعاقب کے بعد کسٹم حکام بالآخر ٹرک کو امداد چوک پر روکنے میں کامیاب ہوئے۔ ڈرائیور بمعہ دیگر اسمگلر بعد ازاں موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے۔‘
ترجمان کسٹم کے بیان کی روشنی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن جاء وقوعہ سے مبینہ ٹرک ڈرائیور کی ہلاکت سردست ایک معمہ بن چکی ہے۔