صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھ گئے خط میں انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط ارسال کیا ہے جس میں ان کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایکٹ کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ صدر عارف علوی نے سکندر سلطان راجا کو سیکشن 57 کے تحت 20 فروری کو الیکشن پر مشاورت کی دعوت دی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
صدر مملکت کی چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت
صدر مملکت کی سکندر سلطان راجہ کو 20 فروری 2023 کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کے لیے دعوت
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 17, 2023
خط کے متن کے مطابق صدر مملکت نے عام انتخابات جیسے اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کی بے حسی پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا. ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ان کے پہلے خط کا بھی تاحال جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا۔
اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی، صدر مملکت
آئین کے تحفظ اور دفاع کی اپنی آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کیلئے ہنگامی ملاقات کیلئے مدعو کرتا ہوں، صدر مملکت
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 17, 2023
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات کی تاریخ کیلئے صدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
صدر عارف علوی نے خط میں کہا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 224 اسمبلی کے تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانے پر زور دیتا ہے،اگر الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو بالآخر کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 90 روز کے اندر الیکشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے صوبے میں الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا تھا۔