پاک بھارت کرکٹ کا فروغ: ذکا اشرف کی ہمسایہ ممالک کے حکام کو ظہرانے کی دعوت

منگل 5 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بھارت اور افغانستان کرکٹ بورڈز کے چیئرمین اور بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کو آج ظہرانے پر مدعو کیا ہے۔

ذکا اشرف نے غیر ملکی مہمانوں کو ظہرانے کے لیے اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا ہے۔ اس موقع پر پاک بھارت کرکٹ مقابلوں کی بحالی سمیت ایشیائی ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔

گزشتہ روز ذکا اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں سری لنکا میں خراب موسم کے پیش نظرایشیا کپ 2023ء کے بقیہ میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز پیش کی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کا پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا اہم میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہونے کے بعد ایونٹ کا وینیوکولمبو سے دمبولا منتقل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں ان دنوں مون سون بارشیں ہو رہی ہیں، دارالحکومت کولمبو تقریباً ایک ہفتے سے بارشوں کی زد میں ہے، اور یہیں پر ایشیا کپ سپر 4 مرحلے کے تمام میچز ہونے کے علاوہ فائنل کا انعقاد بھی ہونا ہے۔

ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان یا یو اے ای میں نہ ہونے پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر تنقید کی جا رہی ہے کہ ان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں، پاکستان اور بھارت کا میچ بے نتیجہ ختم ہونے پر پی سی بی کے سابق سربراہ نجم سیٹھی نے بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے یو اے ای میں میچز کرانے کا مشورہ دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ممبر بورڈز کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے اور اس حوالے سے اہم فیصلہ جلد متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp