پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
پرویز الٰہی کو اسلام آباد سے پولیس لائنز کے مرکزی دروازے سے گرفتار کیا گیا، سابق وزیراعلیٰ کو اے ٹی ایس اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار گرفتار کر کے لے گئے۔
اسلام آباد پولیس نے پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صدر پی ٹی آئی کو سی ٹی ڈی نے مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کیا ہے۔
پرویز الہٰی کو تھانہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کر لیا۔#ICTP
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 5, 2023
واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کی ایم پی او کےتحت حراست کو معطل کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں
یہ بھی یاد رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو یکم ستمبر کو عدالتی حکم پر رہا کرنے کے بعد ان کے گھر لے جایا جارہا تھا کہ انہیں پولیس نے نقص امن کے تحت ظہورالٰہی روڈ سے گرفتار کر لیا تھا۔ وہ اس وقت اپنے گھر کی گلی میں داخل ہوئے ہی تھے کہ تو انہیں نقص امن کے قانون مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت گرفتارکر لیا گیا۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کی نیب گرفتاری غیر قانونی قرار دینے اور ان کو رہا کرنے کا تحریری حکم جاری کیا تھا اور تحریری حکمنامہ جسٹس امجد رفیق نے جاری کیا تھا۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا تھا کہ پرویز الٰہی کو نیب کی تحویل سے رہا کیا جاتا ہے، نیب، کوئی اتھارٹی، ایجسنی یا آفس اب پرویز الہی کو گرفتار نہ کرے اور پرویز الٰہی کو نظر بند بھی نہ کیا جائے۔