کیا ایشیا کپ اپنے اختتام کو پہنچ گیا؟ جیت کس کی ہوئی؟

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ایشیا کپ کے کھیلے جانے والے مکمل ہوگئے اور اب سپر 4 کے بقیہ تمام میچ کولمبو میں کھیلے جائیں گے مگر کولمبو کا موسم دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ اب شاید ایشیا کپ کا کوئی بھی مقابلہ مکمل نہیں ہوسکے گا یعنی عملی طور پر ایشیا کپ کا ایونٹ اختتام پزیر ہوچکا ہے۔

سپر 4 مرحلے کے دیگر میچ کولمبو میں کھیلے جانے ہیں۔ 9 ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش نے میدان میں پنجہ آزمائی کرنی ہے تاہم اطلاعات کے مطابق اس مقابلے کے لیے تاحال پچ تیار نہیں ہوسکی ہے۔ کولمبو شہر میں گزشتہ ایک ہفتے سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند روز تک موسم کی پیشگوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ جاری رہنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کو ٹورنامنٹ کسی اور ملک یا کولمبو سے کسی دوسرے شہر منتقل کرنے کی تجویز دی ہے تاہم یہ تجویز یکطرفہ طور پر مسترد کی جاچکی ہے۔

کولمبو سے آنے والی اطلاعات کے مطابق گراونڈ 2 روز سے کورز کے ساتھ ڈھکا ہوا ہے اور ہفتے کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ کی تیاری نہیں کی جاسکی۔ اسی طرح پاکستان اور بھارت ایک بار پھر 10 ستمبر کو کولمبو میں آمنے سامنے آئیں گے تاہم موسم کی دیوی دونوں کرکٹ کے شائیقین کا خواب پورا کرتے نظر نہیں آرہی۔

سپر 4 کے مقابلے جس دن میں شیڈول ہیں ان تمام ہی دنوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور محض فائنل میں سب سے کم بارش کی پیشگوئی ہے لیکن اس دن میں 50 فیصد بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے اب تک کھیلے گئے 7 میچوں میں سے 4 پاکستان میں کھیلے گئے جو بغیر کسی تاخیر اور خلل کے مکمل ہوئے جبکہ 3 میچ سری لنکا میں کھیلے گئے اور تینوں میچوں میں بارش نے اپنا کردار ادا کیا۔ 2 میچوں کا نتیجہ نکلا جبکہ ایونٹ کے اہم میچوں میں ایک سمجھا جانے والا پاکستان اور انڈیا کا میچ بارش کی وجہ سے مکمل ہی نہ ہوسکا۔

بارش کی صورت میں جیت کس کی ہوگی؟

سپر 4 مرحلے کے میچوں میں اگر بارش کی وجہ سے میچ مکمل نہیں ہوسکے گا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔ پاکستان سپر 4 مرحلے میں اپنا ایک میچ لاہور میں کھیلنے کی وجہ سے خوش قسمت رہا کیونکہ نہ صرف میچ مکمل ہوا بلکہ پاکستان نے اس میں کامیابی حاصل کرکے 2 اہم ترین پوائنٹس بھی حاصل کرلیے ہیں اور ان پوائنٹس کی بدولت وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے۔

سپر 4 مرحلے کے تمام میچ اگر بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوجاتے ہیں تو بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان سے شکست کی وجہ سے کم نیٹ رن ریٹ کے باعث ایونٹ سے باہر ہوجائے گی اور اگر سری لنکا اور انڈیا کے میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہوئے تو ایسی صورت میں ٹاس سے فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ اگر فائنل میچ میں بھی بارش نے اپنا کردار ادا کیا تو ایشیا کپ کی ٹرافی دونوں فائنلسٹ ٹیموں میں تقسیم ہوگی کیونکہ فائنل کے لیے بھی کوئی متبادل دن نہین رکھا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp