پولیس کی مدد سے ایک کروڑ روپے مالیت کے موبائل فون بازیاب کروائے، کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس کی مدد سے کراچی میں چھینے جانے والے ایک کروڑ روپے کی مالیت کے 150 موبائل فون بازیاب کروائے۔

یہ بات کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے 10 رکنی وفد نے صدر محمدرضوان کی سربراہی میں آئی جی سندھ رفعت مختار سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

وفد نے بازیاب کیے گئے موبائل فون ان کے مالکان کو واپس کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کے انعقاد کے بارے میں بھی بتایا جس پر آئی جی سندھ نے اس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

آئی جی سندھ نے وفد کو بتایا کہ سندھ پولیس میں افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کا عمل مکمل ہوتے ہی اسٹریٹ کرائمز و دیگر سنگین جرائم کے انسداد سمیت امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔

رفعت مختار کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس کے مابین غیرمتزلزل رابطہ جرائم کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ اضلاع اور زون کی سطح پر عام لوگوں کے مسائل نہ صرف سنے جائیں بلکہ ان کے بروقت حل کے لیے بھی خاطر خواہ اقدامات کیے جائیں۔

وفد نے امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے سندھ پولیس کے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp