زرا سوچیے امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے اس شخص پر کیا گزری ہوگی جب اس کی گاڑی میں ایک بن بلایا مہمان سوار ہوگیا اور تقریباً 27 کلومیٹر بعد منزل پر پہنچنے پر بھی گاڑی سے اترنا نہیں چاہ رہا تھا اور جو تھا بھی ایک بڑا سا سانپ۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈرائیور نے ان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ نارتھ کیرولینا کے علاقے موریسویل سے کناپولس پہنچا تو اس نے دیکھا کہ ایک پائتھن اس کی گاڑی کے اگلے حصے میں ریڈی ایٹرکی جالیوں میں گھسا بیٹھا ہے اور منہ نکال کر مزے سے اس کی طرف دیکھ رہا ہے۔
اس شخص نے زبردستی سواری حاصل کرلینے والے اس سانپ کو نکالنے کی بہت کوشش کی لیکن سانپ تھا کہ گاڑی چھوڑنے کے لیے تیار نہ تھا جس کے بعد اس نے پولیس سے رابطہ کیا۔
کناپولس پولیس کے ایک افسر جیسن وائٹلی وہاں پہنچ گئے اور خاصی تگ و دو کے بعد سانپ کو ان جالیوں سے نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ وہ ایک پالتو سانپ لگتا ہے جو غالباً کسی کے پاس سے فرار ہوکر گاڑی میں گھس آیا تاہم اسے محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔
اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں پولیس نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ اجنبیوں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دیتے وقت محتاط رہیں اور اس صورت میں تو اور بھی زیادہ احتیاط برتیں اگر مسافر کوئی رینگنے والا مہلک جانور ہو۔